رمضان المبارک کے دوران رمضان بازار اور مدنی دسترخوان لگائے جائینگے،عثمان خان

پیر 18 اپریل 2016 21:27

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء ) کمشنر لاہورڈویژن عبدالله خان سنبل کی ہدایت پر رمضان پیکیج اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے منعقدہ اجلاس کی ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن لاہور ڈویژن عثمان خان خالد نے صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال بھی رمضان المبارک میں لاہور ڈویژن میں رمضان بازار اور مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے اور رمضان بازاروں اشیائے خوردونوش کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اسٹال لگانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز سے بھی رابطہ کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اگلے ہفتے میں رمضان بازاروں اور مدنی دستر خوانوں کی تعداد کا تعین کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں رمضان بازاروں کی سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ انڈسٹریز نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں بعض اشیاء کی ہول سیل ریٹ پر دستیابی اور سبسڈی کی آئٹمز کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو سمری روانہ کر دی گئی ہے جس پر آئندہ ہفتہ تک فیصلہ ہو جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک میں تمام اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لیے پرائس مجسٹریٹوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ایڈیشنل کمشنر کوآڈینیشن عثمان خان خالد کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی سی اوننکانہ، ڈی سی او شیخوپورہ، ڈی او مانیٹرنگ لاہور، ڈی او انڈسٹریز، کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :