کاشتکاروں کو ٹریڈنگ اور متعلقہ شعبوں میں معاونت کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائینگے،گورنر پنجاب

پیر 18 اپریل 2016 21:24

لاہور/راولپنڈی۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سونا اگلتی زمینوں سے فصلوں کی صورت میں اناج کی ضروریات پوری کرنے والے محنتی اور جفاکش کاشتکاروں کو ان کی محنت کا صحیح معاوضہ دلانے اور انہیں ٹریڈنگ اور دیگر متعلقہ شعبوں کی معاونت فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے یہ بات ایک بریفنگ کے موقع پر کہی۔ سیکورٹی ایکسچینج کمشن کے چیئرمین ظفر حجازی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آصف جلال بھٹی ، آفتاب چوہدری اور کمال علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ اللہ تعالی نے پاکستان کو زرعی پیداوار کے حوالے سے انتہائی سازگار موسم اور زرخیز زمین عطا کی ہے ، ہمارے کسان محنتی اور جفاکش ہیں جو زرعی اجناس کی پیدا وار میں زیادہ سے زیادہ اضافے کے لئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہاکہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم کاشتکاروں کو جدید طریقوں اور سہولیات سے بہرہ ور کریں اور انہیں مختلف اداروں کی طرف سے فنی رہنمائی اور تکنیکی سہولیات سے مستفید کریں تاکہ وہ کاشتکاری کے جدید طریقے اپنا کر پیداوار میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ کاشتکاروں کو ان کی پیداوارکی براہ راست مارکیٹنگ اور معقول منافع کے حصول کے لئے مختلف حکومتی اور نجی اداروں کی خدمات اور سہولیات سے آگاہ کرنے کے خصوصی آگاہی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر حکومت کی طرف سے کسانوں کیلئے فراہم کی گئی مراعات کے پیکجز کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ زرعی اجناس کی پیداوار میں بہتری لانے اور ویلوایڈیشن سے ہماری کاشتکاروں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے اور پیداوار کا معیار بہتر کرکے ان کی برآمدت کو فروغ دے سکتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے پاکستان مرکنٹائل ایکسچیج کی طرف سے کسانوں کو ان کی پیداوار کی مارکیٹنگ کی سہولیات کے پروگرام کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں دالوں ، سرسوں اور دیگر زرعی اجناس کے لئے کاشتکاروں کو ٹریڈنگ کے بہتر مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں ۔اس سے قبل پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر اعجاز علی شاہ نے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :