سندھ میں پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کے لیے تین ماہ کا وقت مقررکردیا گیا

نئے عہدیداروں کے لیے ہرضلع کی جنرل باڈی تین نام تجویز کرے گی،نثار احمد کھوڑو کی میڈیا سے بات چیت

پیر 18 اپریل 2016 19:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) سندھ میں پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کے لیے تین ماہ کا وقت مقررکردیا گیا ہے ،نئے عہدیداروں کے لیے ہرضلع کی جنرل باڈی تین نام تجویز کرے گی ،صوبائی آرگنائزرنثارکھوڑو کا کہنا ہے کہ لندن میں کوئی میثاق جمہوریت نہیں ہورہا اس لیے پیپلز پارٹی کے چیئرمین پاکستان میں ہیں ۔ سندھ اسمبلی میں اپنے دفترمیں پیپلزپارٹی کی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نثارکھوڑوکا کہنا تھا کہ سندھ میں آئندہ تین ماہ میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرلیں گے پارٹی چیئرمین کی ہدایت پرصوبے بھرمیں سینئرکارکنان اورسابق عہدیداروں سے تنظیم سازی پرمشاورت ہوگی اوران سے تجاویز لی جائیں گی۔

انہوں نے کہاکہ تنظیم سازی کے لیے صوبے بھرسے ملنے والی تجاویز پارٹی چیئرمین کوپیش کی جائیں گی اوروہ تنظیم سازی سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

نثارکھوڑوکا کہنا تھا کہ تنظیم سازی کے لیے ہرضلع کی جنرل باڈی کا اجلاس بلاکر نئے عہدیداروں کے لیے تین تین نام تجویز کیے جائیں گے اوریہ نام جنرل باڈی کی سفارشات کے ساتھ بلاول بھٹوکوپیش کردیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی کے ناراض کارکنان سے بھی رابطہ کریں گے اورانہیں ایک بارپھرپارٹی میں فعال ہونے کا موقع دیا جائے گا ۔ ملکی سیاسی صورتحال پربات کرتے ہوئے نثارکھوڑوکا کہنا تھا کہ لندن میں کوئی نیا میثاق جمہوریت نہیں ہورہا ہے اس لیے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو ملک میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے نہ ہی کوئی پیپلزپارٹی میں دھڑے بندی کرکے اسے ختم کرسکتا ہے۔

اس سے پہلے سندھ میں پیپلزپارٹی کی تنظیم سازی کے لیے قائم کی جانے والی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس نثارکھوڑوکے دفترمیں ان کی صدارت میں منعقد ہوا،اجلاس میں ایم این اے نفیسہ شاہ ، مشیراطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو اورسید مراد علی شاہ اورراشد ربانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ بھرمیں تنظیم سازی اورنئی رکنیت سازی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں سندھ بھرمیں تنظیم سازی کا عمل تین ماہ میں مکمل کرنے پراتفاق کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :