معاشرے میں تعلیم کے بغیر حقیقی تبدیلی ممکن نہیں،عاطف خان

صوبے کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ نہیں کیاجاتاتبدیلی کاخواب شرمندہ تعمیر نہیں کیاجاسکتا صوبے کی تاریخ میں پہلی بار شعبہ تعلیم کے لئے ایک کھرب روپے سے زیادہ کے فنڈز مختص کئے ہیں،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

پیر 18 اپریل 2016 18:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخواکے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی صرف اور صرف تعلیم کے ذریعے ہی لائی جاسکتی ہے اورجب تک صوبے کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ نہیں کیاجاتاتبدیلی کاخواب شرمندہ تعمیر نہیں کیاجاسکتا۔یہی وجہ ہے کی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تعلیم کے شعبے کو سرفہرست رکھا ہے اورصوبے کی تاریخ میں پہلی بار شعبہ تعلیم کے لئے ایک کھرب روپے سے زیادہ کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے دن پشاورمیں آر اے ایچ اے اوریو این ایچ سی آر کے تعاون سے 3 کروڑ 28 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ گورنمنٹ پرائمر ی سکول نمبر3 فیز ۔

(جاری ہے)

6 حیات آباد کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے دوسروں کے علاوہ وفاقی سیکرٹری سیفران ارباب محمد شہزاد ،جرمنی کی سفیرمسز اینا لیپیل،یو این ایچ سی آر کے نمائندے اندریکاراٹواٹ،یواین ایچ سی آر کے مقامی نمائندے آسکرمنڈیا اورسکول کے پرنسپل مبارک حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر افغان کمشنریٹ ،یو این ایچ سی آر ،آر اے ایچ اے، ایچ یوجے آر اے ،جرمن کوآپریشن اورمحکمہ تعلیم کے حکام ،والدین اورطلباء کی کثیرتعدادبھی موجود تھی۔

مذکورہ سکول کے لئے صوبائی حکومت نے 2 کروڑ روپے کی لاگت سے4 کنال اراضی خریدی ہے جبکہ اس کی عمارت کی تعمیرپر آر اے ایچ اے اور یو این ایچ سی آر نے 1 کروڑ 28 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔ اس موقع پر بتایاگیا کہ یو این ایچ سی آر نے آر اے ایچ اے کی معاونت سے 31 سرکاری سکولوں میں 277 ملین روپے خرچ کیے ہیں جن میں اضافی کمروں کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ تعلیم ایک وسیع محکمہ ہے اورا سے راتوں رات درست نہیں کیاجاسکتاتاہم گذشتہ تین سالوں کے دوران اس کے لئے درست سمت کاتعین کردیاہے اور قوی امید ہے کہ آئندہ دوسالوں میں صوبائی حکومت شعبہ تعلیم کے 80 فیصد تک مسائل حل کرنے میں کامیا ب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کاایک بڑانیٹ ورک ہے جس میں 41 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں لیکن ماضی کی حکومتوں کی عدم توجہی کی وجہ سے آدھے سے زیادہ سکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں تاہم موجود ہ حکومت نے برسراقتدار آتے ہی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے 43 ارب روپے کا پلان بنایا جس کے تحت اب تک 16 ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔

عاطف خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے محکمہ تعلیم کو سیاسی مداخلت سے پاک کرکے ا س میں میرٹ کو بحال کیا اورصاف وشفاف نظام کے تحت 25 ہزاراساتذہ بھرتی کیے ۔اسی طرح سکولوں میں اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کانظام متعار ف کرایا جس کی وجہ سے اساتذہ کی حاضری میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے ۔وزیر موصوف نے تعلیم کے شعبے میں یو این ایچ سی آر اور آر اے ایچ اے کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :