سیاسی استحکام اور تسلسل سے ہی کامیابی ملتی ہے ،نواز شریف کی قیادت میں ملک بڑی تیزی سے ترقی کر رہا ہے‘ پروفیسر احسن اقبال

جمہوریت کا تسلسل ترقی کے تسلسل میں مضمر ہے،محالفین نہیں چاہتے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے ‘ وفاقی وزیر

پیر 18 اپریل 2016 18:07

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام اور تسلسل سے ہی کامیابی ملتی ہے ،وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک بڑی تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد اقبال ساگر کونسلر کی جانب سے محلہ پرانا کمیٹی گھر میں منعقدہ تکمیل سوئی گیس منصوبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

اس موقع پر خواجہ وسیم بٹ ایم پی اے ، نامزد سٹی چیئر مین پیر سید اظہر الحسن گیلانی شاہ ،ضلعی صدر ملک طارق اعوان ،شہباز احمد تتلہ ، عظیم فضل ایڈووکیٹ اور شبیرحسین باجوہ سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ محالفین نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہواور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے حالانکہ جمہوریت کا تسلسل ترقی کے تسلسل میں مضمر ہے۔

(جاری ہے)

اس ملک میں 15سال سے منصوبے نہیں لگے گوادر پورٹ حقیقت کا روپ دھار چکی ہے اور جلد ہی وہ اس خطہ کی سب سے بڑی بندرگاہ بن جائے گی ناصرف پاکستان بلکہ خطہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی ․ہم ترقی کے سفر کو بہت تیزی سے آگے لے کر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو معیشت کا برا حال تھاآج الحمد اﷲ معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے ، حکومتوں کی پالیسیوں کے لیے استحکام و امن ضروری ہوتا ہے تاکہ پالیسیوں سے جڑنے والے مضبوط ہوں ۔

اس ملک سے بجلی کے بحران اور معیشت کو ٹھیک کرنا ہے تاکہ باہر سے سرمایہ کاری آئے جس سے روزگارکے مواقع پید ا ہو ں گے اور ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ نارووال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور مثالی شہر بنانے کے لیے کوشش جاری ہیں۔