چئیر مین پی سی بی شہریار خان نے انضمام الحق کو چیف سیلیکٹر بنانے کا اعلان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 اپریل 2016 16:47

چئیر مین پی سی بی شہریار خان نے انضمام الحق کو چیف سیلیکٹر بنانے کا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اپریل 2016ء) : چئیر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریا ر خان نے انضمام الحق کو چیف سیلیکٹر بنانے کا حتمی اعلان کر دیا۔ انضمام الحق کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان کرکٹ بورڈ سے میں نے بذات خود بات کی اور درخواست کی کہ انضمام الحق ایک قومی فریضہ انجام دینے پاکستان آ رہے ہیں لہذٰا ان کو اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انضمام الحق سیلیکشن کمیٹی کے لیے راضی ہو گئے ہیں۔ جبکہ ٹی ٹونٹی ٹیم کے کیپٹن سرفراز ہیں۔ شہریار خان نے کہا کہ انضمام الحق کا چیف سیلیکٹر بننا میرے لیے خوشی کی بات ہے ۔ کوچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کچھ غیر ملکی اور مشہور کوچز آنے کو تیار ہیں۔ جبکہ دیگر ممالک کے کوچز نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر آنے سے معذرت کر لی ، آئندہ چند روز میں کوچ کے نام کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم چاپتے ہیں کہ ہماری نیشنل اکیڈمی خود مختار ہے۔ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ نیشنل اکیڈمی آزاد ہو۔ پی سی بی چئیر مین نے کہا کہ مشتاق احمد کو نیشنل اکیڈمی کا ہیڈ کوچ بنا دیا ہے، مشتاق احمد کا انتخاب محمد اکرم کی جگہ کیا گیا ہے۔ شہریا ر خان کا کہنا تھا کہ کل سے ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ لگائے جا رہے ہیں جو کہ تین ہفتے تک لگے رہیں گے۔ ہمیں کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ چیف سیلکیٹر بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بورڈ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میں افغان کرکٹ بورڈ کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے قوم کی خدمت کرنے کے لیے اجازت دی۔