بارشوں کے دوران سیلابی ریلے میں ڈوبتے ہوئے سعودی شہری کی زندگی بچانے والے پاکستانی نوجوان کے لیے اعزازکا اعلان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 اپریل 2016 13:33

بارشوں کے دوران سیلابی ریلے میں ڈوبتے ہوئے سعودی شہری کی زندگی بچانے ..

ریاض(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18اپریل۔2016ء)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز نے حالیہ بارشوں کے دوران سیلابی ریلے میں ڈوبتے ہوئے ایک سعودی شہری کی زندگی بچانے والے پاکستانی نوجوان شوکت امین کی حوصلہ افزائی کے لیے اس کے ساتھ بھرپور مالی تعاون کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی جریدے ”الریاض“ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ولی عہد کی جانب سے وادی تثلیث میں ڈوبتے ہوئے سعودی شہری فہد القحطانی کی زندگی بچانے میں اس کی مدد کرنے والے شوکت امین کا شکریہ ادا کیا ان کے ساتھ بھرپور مالی تعاون کا وعدہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں وادی تثلیث میں ایک مقامی شہری کی گاڑی سیلابی پانی کے ریلے میں پھنس گئی تو وہ خوف کے مارے اپنی گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا اور مدد کے لیے پکارنے لگا۔ اس کی زندگی خطرے میں تھی۔ شہری دفاع کا عملہ بھی اسے بچانے کے لیے ابھی کچھ نہ کر پایا تھا کہ ایک بہادر پاکستانی شوکت امین نامی نوجوان نے اپنے سعودی بھائی کی زندگی بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال کر اسے پانی سے نکال لیا۔ اس پر سعودی حکام اور عام شہریوں کی جانب سے بھی شوکت کو بھرپور داد تحسین پیش کی گئی تھی۔