غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گے ‘ظہیر بھٹہ

پیر 18 اپریل 2016 13:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گے ،پنجاب میں سرمایہ کاری کانفرنس اور مثبت پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاری میں اضافہ حکومتی کاوشوں کا ثمر ہے جس کے باعث نئے صنعتی یونٹس کے قیام سے روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونگے اور بے روزگاری جیسا اہم مسئلہ بھی حل ہوجائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلدون جاوید ملک سینئر وائس چیئرمین ،محمد اعظم چوہدری وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ظہیر بھٹہ نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ از حد ضروری ہے کیونکہ اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتی یونٹ اپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق کام نہیں کرسکتے جس کے باعث صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں اور ملکی برآمدات پر تنزلی کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت معاشی و صنعتی ترقی و ملکی برآمدات میں اضافہ چاہتی ہے تو ترجیحی بنیادوں پر ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں اور ملک میں دستیاب وسائل کا بھر پور استعمال کیا جائے جن میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر بھی شامل ہے جو لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور سستی بجلی کی فراہمی کا ایک آسان اور پائیدار ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقتصادری کاریڈور کی طرح کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے بھی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اس پر کام کا آغاز کردیا جائے کیونکہ یہ واپڈا کے قابل عمل اور جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں شامل ہے اس کی تکمیل سے 3600میگا واٹ سے زائد اڑھائی روپے والی بجلی سسٹم میں داخل ہوگی جسے سے توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :