ٹیوٹا کا فٹ وئیر انڈسٹری کو ماہر افرادی قوت فراہم کرنے کے لئے 7نئے شارٹ کورسز کے آغاز کا اعلان

پیر 18 اپریل 2016 13:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 اپریل۔2016ء) چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے فٹ وئیر انڈسٹری کو ماہر افرادی قوت فراہم کرنے کیلئے 7نئے شارٹ کورسز کے آغاز کا علان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کورسز پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایف ایم اے) کے تعاون کے ساتھ شروع کئے جا رہے ہیں جن میں لیدر فٹ وئیر لاسٹنگ آپریٹنگ، سٹچنگ، مارکنگ/کٹنگ، کیڈ /کیم کے ذریعے ڈیزائننگ، اسمبلی اینڈ فنشنگ، مینجمنٹ سکلز اینڈ ایپلیکیشن اور شو مینوفیکچرنگ ٹیکنیشن شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیوٹا اورپاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مابین سمجھوتے کی تقریب کے موقع پر کیا۔سمجھوتے پرچیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیئرمین پی ایف ایم اے وسیم ذکریانے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی ،پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایف ایم اے) کے عہدیداران راشد اسلام، جاوید اقبال صدیق، عابد حفیظ، منصور احسان شیخ، مرزا خالد محمود، کرنل قمر اور ٹیوٹا افسران بھی موجود تھے۔

چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا نے پی ایف ایم اے کے تعاون سے پہلے ہی شو اپر سٹچرکورس شروع کر چکی ہے۔ٹیوٹانئے کورسز کیلئے تربیتی ادارے، اساتذہ اور نصاب فراہم کرے گی جبکہ پی ایف ایم اے عملی تربیت کیلئے مشینری و آلات، انٹرنشپ، ماہرین کے لیکچرز ، نصاب میں ترمیم کیلئے مشاورت اور کورس مکمل کرنے والی افرادی قوت کیلئے روزگار فراہم کرے گی۔

ٹیوٹا نصاب، فیکلٹی اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ /پنجاب بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ذریعے امتحان اور سرٹیفیکیشن فراہم کرے گی۔ امتحان پاس کرنے کے بعدکامیاب امیدواروں کو ٹیوٹا اور پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایف ایم اے)مشترکہ سرٹیفکیٹ جاری کریں گے۔ اس منصوبے سے طالب علموں کیلئے مقامی اور عالمی سطح پرروزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہو گا۔

چیئرمین پی ایف ایم اے وسیم ذکریا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیوٹااور پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مشترکہ تعاون سے اس سیکٹر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔اس وقت فٹ ویئر انڈسٹری بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر تقریبا پانچ لاکھ افراد کو روزگار فرہم کر رہی ہے۔ ہماری ایسوسی ایشن ان شارٹ کورسز میں فارغ التحصیل نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم کرے گی۔یہ صنعت پاکستانی چمڑے کو بیش قیمتی جوتوں کی شکل میں کثیر تعداد میں تیار کر کے دنیا بھر کے ممالک کو برآمدکرتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پی ایف ایم اے فارغ التحصیل طلباء کو انڈسٹری میں زیادہ سے ذیادہ روزگار فراہم کرنے میں یقینی مدد فراہم کریگی۔