اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاوس میں‌لیگی رہنماوں کا مشاورتی اجلاس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 اپریل 2016 11:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 اپریل 2016ء) : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر لیگی رہنما شریک ہوئے ۔ اجلاس میں پانامہ لیکس پر انکوائری کمیشن تشکیل دینے کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ جبکہ ملک کی سیاسی صورتحال اور پانامہ لیکس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانامہ لیکس پر قائم کی جانے والی انکوائری کمیشن پر تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں انکوائری کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور تیار کردہ ٹرم آف ریفرنس پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اس اجلاس میں جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمانی قائدین سے مشاورت کے بعد ہی انکوائری کمیشن کے قیام کا حتمی قدم اٹھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے قانونی نکات بھی زیر غور آئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعمیر و ترقی کے جاری منصوبوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ جبکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی ہر ممکن حد تک ناکام بنایا جائے گا۔ اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کی رفتار کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :