وزیراعظم محمد نوازشریف بلوچستان پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر محمد خان لہڑی

پیر 18 اپریل 2016 11:36

ڈیرہ مرادجمالی۔17اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر معدنیات وقدرتی وسائل ورکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس جھوٹ پر مبنی پلندہ ہے۔ پانامہ لیکس کے آنے کے بعد مخالفین کومسلم لیگ ن کے خلاف ایک ایشو مل گیا ہے مسلم لیگ ن ملک میں ترقی کا خواہاں ہے اور ملک میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے شروع ہونے کے باعث مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی جس کے باعث مسلم لیگ ن اور شریف فیملی پر الزامات کی بوچھاڑکردی گئی ہے۔

الزامات سے مخالفین کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکے گا اور وزیراعظم نوازشریف کسی صورت میں استعفیٰ نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹکری محمد انور لہڑی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیض محمد لہڑی ،محمد بخش لہڑی،محمد رحیم کھوسہ،کے بی منگی بھی موجود تھے حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے اقتدار سنبھالنے کے وقت ملک کئی اہم مسائل کا شکار تھا دہشت گردی نے اس وقت اپنی جڑیں مضبوط کرلی تھی مہنگائی عروج پر پہنچ چکی تھی۔

وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور اس کی ٹیم کی دن رات کوششوں سے آج پاکستان میں کئی میگاپروجیکٹس شروع ہوکر پایہ تکمیل ہوچکے ہیں مہنگائی کا خاتمہ ہوا اور عسکری قیادت کے تعاون سے ملک بھر میں دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے جس کے باعث ملک بھر میں امن وامان ہوگیا ہے اور عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف بلوچستان پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔

وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری کی قیادت میں صوبے میں پسماندگی کا خاتمہ ہونا شروع ہوگیا ہے اور جلد ہی صوبہ بلوچستان سے پسماندگی کاخاتمہ ہوگا صوبے کے عوام خوشحال ہوں گے حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ صوبے کے عوام کی غربت کا احساس ہے اور غریب عوام کی فلاح وبہبود اور غربت دور کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے کئی اہم منصوبے تیار کرکے وفاق کو بھیج دیئے ہیں جس سے صوبے کے عوام کی غربت سمیت کئی اہم مسائل حل ہوں گے۔