نومولودبچوں کی چوری کی کوشش ناکام بنانے پرمحکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم

اتوار 17 اپریل 2016 17:10

چکوال ۔ 17 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ اور اس کے غیر قانونی شکار کی روک تھام محکمہ کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں تمام توانائیاں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فرائض انجام دینے والے افسران و اہلکاران محکمے کا فخر ہیں اور ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔

انہوں نے یہ بات اڑیال کے 6نو مولود بچوں کو چوری کرنے کی کوشش ناکام بنانے والے محکمہ جنگلی حیات اور اڑیال ویسٹرن جہلم کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن کے اہلکاروں کوکلرکہار میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ ، اڑیال ویسٹرن جہلم کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن کے چیف پیٹرن سلمان وڑائچ ، ڈپٹی دائریکٹر سالٹ رینج رانا محمد شہباز ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر نعیم بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

ڈی جی جنگلی حیات نے اڑیال کے 6بچوں کو چوری کرنے کی کوشش ناکام بنانے والے محکمہ جنگلی حیات کے 6اہلکاروں وائلڈ لائف انسپکٹر شیر علی ، وائلڈ لائف واچر زمرد خان ، وائلڈ لائف واچر بنارس خان ، وائلڈ لائف واچر شہباز بھٹی ، ڈرائیور محمد عارف ، ڈرائیور شکیل احمد اور اڑیال ویسٹرن جہلم کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن کے صدر راجہ حامد علی جنرل سیکرٹری جمیل قیصر ، سی بی او واچر رفعت جاوید ، سی بی او واچر محمد عامر ، سی بی او واچر غلام احمد کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دئیے ۔