انٹرنیشنل ایجوکیشنل کانفرنس‘30اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہوگی

افتتاحی سیشن کی صدارت چیئرمین پاکستان ہائر ایجو کیشن کمیشن پروفیسرڈاکٹر مختار احمد کریں گے

اتوار 17 اپریل 2016 16:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام دوروزہ ‘روزہ انٹرنیشنل ایجوکیشنل کانفرنس‘30اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہوگی، کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت چیئرمین پاکستان ہائر ایجو کیشن کمیشن پروفیسرڈاکٹر مختار احمد کریں گے جبکہ کانفرنس میں امریکہ،ترکی،شام،ایران،بر طانیہ ،نائجیریا،مصر، بھارت،سعودی عرب اوردیگر ممالک سمیت پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے نامور محققین اورتحقیقی اداروں کے ماہرین اور وفاقی وزراء شرکت کریں گے۔

آن لائن کے مطابق انٹرنیشنل ایجوکیشنل کانفرنس رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کیخدیجہ الکبری ہال میں منعقدہ ہوگی جبکہ مہمان خصوصی وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اینس احمد ہونگے۔

(جاری ہے)

مہمانانِ اعزاز میں رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاع چوہدری جعفر اقبال،ڈائریکٹر ا لاصلاح انٹرنیشنل لاہور پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد منصوری،چیئرمین شعبہ حدیث اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر فتح الرحمان قریشی اورمعروف ماہرِ تعلیم اور سابق پرنسپل گورنمنٹ کالج فیصل آباد ڈاکٹرریاض مجیدشامل ہیں۔

اس موقع پرعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عظیم سکالرڈاکٹر عبیداللہ فہد فلاحی خصوصی خطاب کریں گے جب کہ چیئرمین رفاہ انٹرنیشنل فیصل آباد کیمپس پروفیسرڈاکٹر مدثراحمد مہمانوں کوکانفرنس کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرائیں گے۔پہلے دن کے دوسرے سیشن کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور پیرامین الحسنات اور وفاقی وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی کریں گے جبکہ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد علی مہمان خصوصی ہونگے۔

اس موقع پر مرمرا یونیورسٹی استبول( ترکی) سے پروفیسر عبدالحمیدبریشک،اسلامک سنٹرلنکا شائر(بر طانیہ) سے ڈاکٹر عارف متین،سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبدالحمید خاروب،ڈائریکٹر شیخ زیداسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر دوست محمداورسابق وائس چانسلرمحی الدین یونیورسٹی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی مہمانان ِاعزاز ہوں گے اور ڈاکٹر عبدالحی ابرو، ڈاکٹرضیاء لرحمان،ڈاکٹر حافظ شبیر احمدجامعی،ڈاکٹر فرہاد اللہ اورڈاکٹر ساجد اسداللہ مختلف موضوعات پراپنے علمی مقالہ جات پیش کریں گے۔

عظیم الشان دوروزہ کانفرنس کے دوسرے دن بھی دو سیشن ہو ں گے جن میں عالمی شہرت رکھنے والے ملکی وغیرملکی ماہرینِ تعلیم اورنامور سیاسی وعلمی قائدین اپنے اپنے خیالات کااظہارکریں گے۔کانفرنس یکم مئی کو اختتام پذیر ہو گی۔

متعلقہ عنوان :