پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر انتخابات میں اپنی واضح شکست نظر آرہی ہے‘ آزاد کشمیر کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کروایا‘ حکومت کی کارکردگی کشمیریوں کے سامنے ہے‘ بلاول بھٹو آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج سے خوفزدہ ہو کر ابھی سے بہانے بازی کرنے لگے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کا بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل

اتوار 17 اپریل 2016 15:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر انتخابات میں اپنی واضح شکست نظر آرہی ہے‘ آزاد کشمیر کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کروایا‘ حکومت کی کارکردگی کشمیریوں کے سامنے ہے‘ بلاول بھٹو آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج سے خوفزدہ ہو کر ابھی سے بہانے بازی کرنے لگے ہیں۔

وہ اتوار کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ترقیاتی کاموں اور عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے عوام کے دلوں میں گھر کرچکی ہے سندھ میں پیپلز پارٹی اور کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومتیں ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) بدین اور ہری پور کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوئی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان‘ کنٹونمنٹ اور بلدیاتی انتخابات میں بھی بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی جو (ن) لیگ کی قیادت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کے چاہئے کہ وہ بہانے بازی کی بجائے آزاد کشمیر میں اپنی کرپشن اور مس گورنمنٹ کے ریکارڈز کو تسلیم کرے ملک میں آزاد الیکشن کمیشن اور آزاد میڈیا موجود ہے پیپلز پارٹی کو اگر کوئی شکایت ہے تو وہ عدالتوں سے رجوع کرے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے جس پر انہوں نے پہلے سے ہی بہانے بازی شروع کردی ہے۔ 2008 سے 2013 تک زرداری نے جتنی بھی کرپشن کی اس کا بوجھ بلاول کے سر ہے اسی بوجھ کی وجہ سے پیپلز پارٹی 2013 کے عام انتخابات سے لیکر اب تک ہونے والے تمام ضمنی و بلدیاتی انتخابات ہارتی چلی آرہی ہے