نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں آپریشن سے مجموعی طور پر 2255دہشت گرد مارے گئے

کراچی سمیت ملک بھر سے 5278دہشت گرد گرفتار ، 364دہشت گردوں کوتختہ دار پر لٹکایا گیا 322 گرفتار سہولت کاروں سے 356 ملین سے زائد رقم برآمد کی گئی ، کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرنے والوں کیخلاف 160مقدمات درج ، 137 کو گرفتار کیا گیا، 8253 مشکوک افراد کو فورتھ شیڈول پر ڈالا گیا ، 2052افراد کی نقل و حرکت محدود ،نفرت انگیز تقاریر کرنے پر 2477مقدمات درج ،کراچی آپریشن میں 69ہزار سے زائد ملزمان گرفتار، 16304 ہتھیار برآمد کرلئے گئے ، وفاقی وزارت داخلہ کی نیشنل ایکشن پلان پر اب تک ہونیوالی پیشرفت رپورٹ جاری

اتوار 17 اپریل 2016 15:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) سیکیورٹی فورسز کے آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاق رائے سے شروع کئے جانے والے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر مختلف آپریشنز میں ابتک 2255دہشت گردوں کو ماراگیا جبکہ کراچی سمیت ملک بھر سے 5278دہشت گردوں کو گرفتارکیا گیا، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 364دہشت گردوں کو سزائے موت دی گئی،دہشت گردوں کو مالی معاونت کر نے والے 322ملزمان کو گرفتا ر کر کے ان سے 356.56ملین روپے رقم ریکور کی گئی، ہنڈی کے ذریعے کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرنے والوں کیخلاف 160مقدمات درج کر کے 137افراد کو گرفتار کیا گیا، نیکٹا نے صوبوں اور انٹیلی جنساداروں کی مشاورت سے مدارس رجسٹریشن فارم تیار کر لیا ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں8253 مشکوک افراد کو فورتھ شیڈول پر ڈالا گیا جبکہ ان میں سے 2052افراد کی نقل و حرکت محدود کی گئی،کراچی آپریشن میں سکیورٹی اداروں نے 16304 ہتھیار برآمد کئے جبکہ آپریشن کے دوران اب تک 69ہزار 179مجرمان کو گرفتار کیا گیا ،کراچی آپریشن کے بعد شہر میں اغوا برائے تاؤان کی وارداتیں 100فیصد ختم ہو گئیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر 3اپریل تک ہونے والی پیشرفت پر رپورٹ جاری کر دی گئی۔ وفاقی وزارت داخلہ کی دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے شروع کئے گئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 10ہزار 346مقدمات درج کئے گئے جبکہ 10ہزار 597 افراد کو گرفتار کیا گیا ،لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 3002 آلات قبضے میں لئے گئے ، نفرت انگیز تقاریر کرنے پر 2477مقدمات درج کئے گئے جبکہ 2358افراد کو گرفتار کیا گیا ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت نفرت انگیز مواد فروخت کرنے پر 73دکانوں کو سیل کیا گیا ۔

دستاویزات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت 11سپیشل ٹرائل کورٹس بنائے گئے اور ان کو 190مقدمات منتقل کئے گئے ۔ دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4388 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ آپریشن کے دوران 2255دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ۔ دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے انسداد دہشتگردی فورس قائم کی گئی جس میں پنجاب میں 4000، سندھ میں 188، بلوچستان میں 1000، خیبر پختونخوا میں 2200 ، گلگت بلتستان میں 161اور آزاد جموں و کشمیر میں 260 جوانوں کو خصوصی تربیت دی گئی ۔

وفاقی وزارت داخلہ کی دستاویزات کے مطابق کراچی آپریشن کے بعد شہر میں اغوا برائے تاؤان کی وارداتیں 100فیصد ختم ہو گئیں جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں 69فیصد ،دہشتگردی 80فیصد ،بھتہ خوری میں 60فیصد، چوری کی وارداتوں میں 30فیصد کمی آئی ۔دستاویزات کے مطابق کراچی آپریشن میں سکیورٹی اداروں نے 16304 ہتھیار برآمد کئے جبکہ آپریشن کے دوران اب تک 69ہزار 179مجرمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 890دہشتگرد، 676اشتہاری ،10426مفرور،124 اغوا کار،545بھتہ خور، جبکہ 1834ٹارگٹ کلرز شامل ہیں ۔

دستاویزات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت اب تک ملک بھر میں 98.3ملین غیر رجسٹرڈ سمیں بلاک کی گئیں۔دستاویزات کے مطابق منی لانڈرنگ کے ذریعے کالعدم تنظیموں کو مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف 160مقدمات درج کر کے 137ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 67ملزمان کو سزائیں دی گئیں اور 15ملزمان کو رہا اور 52ملزمان کے خلاف تحقیقات تاحال جاری ہیں ۔

دستاویزات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کا کام جاری ہے ،وفاق اور پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ سندھ میں 80فیصد ،کے پی کے میں 75فیصد ،بلوچستان میں 60فیصد مدارس کا ڈیٹا جمع کر لیا گیا ہے،دوسری جانب نیکٹا نے صوبوں ، انٹیلی جنس ا داروں اور علماء کی مشاورت سے مدارس رجسٹریشن فارم تیار کر لیا، ملک بھر میں مدارس کا ڈیٹا جمع ہونے کے بعد انکی باقاعدہ رجسٹریشن کا کام شروع کردیا جائے گا۔دستاویزات کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں 182 مشکوک،72غیر رجسٹرڈ اور 190غیر ملکی فنڈنگ لینے والے مدارس کو بند کر دیا گیا ہے۔