پوری قوم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے گرد حفاظتی حصار قائم کر رکھا ہے ‘ احسن اقبال

دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے منصوبے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ‘ وفاقی وزیر

اتوار 17 اپریل 2016 14:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء ) وفاقی وزیر ترقی ،منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پوری قوم نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے گرد حفاظتی حصار قائم کر رکھا ہے انشا اللہ اس منصوبے کو دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ،پاک چین اقتصادی راہداری کا پہلا مرحلہ 2018ء میں مکمل ہو گا جس سے 10ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں آئے گی۔

ایک انٹر ویو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ جوں جوں آگے بڑھے گا اسی طرح پاکستان کی ترقی کی رفتار بھی بڑھے گی ۔ اس منصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے ہمیں اپنے انفراسٹر اکچر اور استعداد کار کو بڑھانا ہوگا اس لئے تمام صوبے اس طرف خصوصی توجہ دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

سی پیک کے پہلے مرحلے میں پاکستان کے موجودہ روڈ نیٹ ورک اپ گریڈ کئے اور مغربی روٹ کے مسنگ لنکس تعمیر کئے جائیں گے۔ اس طرح گوادر سے پاکستان کے شمالی علاقوں کے ذریعے چین کے مغربی حصے تک تجارتی سامان کی نقل و حمل کے لئے مختصر اور محفوظ راستہ بھی میسر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین منصوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، پاکستانی قوم منصوبے کی تکمیل کے لئے متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی قیادت، سویلین حکومت اور عسکری قیادت اس منصوبے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :