امریکہ کا اسلام آباد میں مقیم اپنے شہریوں کو سفری انتباہ جاری ،محتاط رہنے کی ہدایت

اسلام آباد میں واقع میریٹ ہوٹل اور اس کے ارد گرد کے علاقوں سے دور رہیں،سفارتخانے کو اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر حملے کے معمولی لیکن غیر مصدقہ خطرے کے بارے میں معلوم ہوا ، امریکی شہر ی آئندہ چند دنوں کے دوران ان علاقوں سے دور رہیں جب تک کے صورتحال کا جائزہ نہیں لے لیا جاتا، امریکی سفارتخانہ

اتوار 17 اپریل 2016 12:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء ) امریکہ نے اپنے شہریوں کو مبینہ خطرے کے پیش نظر اسلام آباد میں واقع میریٹ ہوٹل اور اس کے ارد گرد کے علاقوں سے دور رہنے کی تاکید کی ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سفارتخانے کو اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل پر حملے کے معمولی لیکن غیر مصدقہ خطرے کے بارے میں معلوم ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں کے دوران ان علاقوں سے دور رہیں جب تک کے صورتحال کا جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں قانون نافد کرنے والے اداروں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی میں واقع فائیو سٹار ہوٹل میں بم کی مبینہ اطلاعات کے بعد دونوں شہروں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔

(جاری ہے)

مقامی پولیس کے مطابق اْنھیں وزارت داخلہ کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اْنھیں ایک گمنام ٹیلی فون کے ذریعے بتایا گیا کہ مذکورہ عمارتوں میں دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے جو کچھ کے دیر کے بعد پھٹ جائیگا۔ تاہم ان اطلاعات کے بعد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے دونوں شہروں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تین گھنٹوں سے زائد وقت تک ان عمارتوں کی تلاشی لینے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس اور راولپنڈی کے ہوٹل کو کلیئر قرار دے دیا تھا۔

امریکی صفارتخانے کی جانب سے جاری ہونے والے اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’امریکی شہریوں کو یہ یاد دلایا جاتا ہے کہ پاکستان کے لیے سفری وارننگ رواں سال سات اپریل کو جاری کی گئی تھی۔ پاکستان میں موجود امریکی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ملک میں اپنی نقل و حمل کے بارے میں اپنے کسی قریبی دوست کو آگاہ رکھیں۔ پرہجوم مقامات سے دور رہیں۔ سرکاری طور پر آنے والے اور دیگر امریکیوں کو پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے اور ہوٹلوں میں رات گزارنے سے بھی روکا گیا ۔

متعلقہ عنوان :