وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2016ء کا اعلان کردیا۔ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں کل سے26 اپریل تک وصول کی جائیں گی، قرعہ اندازی 29 اپریل کو ہوگی۔ سرکاری سکیم کے تحت86 ہزار 021 عازمین حج سرکاری سکیم اور 57 ہزار 347 عازمین حج پرآئیویٹ حج گروپ آرگنائزر کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے ،اس سال شمالی ریجن (پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے)2 لاکھ70 ہزار941 روپے جبکہ جنوبی ریجن(سندھ اور بلوچستان کیلئے)2 لاکھ61 ہزار941 روپے حج پیکج کا اعلان

اتوار 17 اپریل 2016 11:07

وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2016ء کا اعلان کردیا۔ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں ..

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اپریل۔2016ء) وفاقی حکومت نے حج پالیسی 2016ء کا اعلان کردیا۔ سرکاری سکیم کے تحت86 ہزار 021 عازمین حج سرکاری سکیم جبکہ 57 ہزار 347 عازمین حج پرآئیویٹ حج گروپ آرگنائزر کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے ،اس سال شمالی ریجن (پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے)2 لاکھ70 ہزار941 روپے جبکہ جنوبی ریجن(سندھ اور بلوچستان کیلئے)2 لاکھ61 ہزار941 روپے حج پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزارت نئے اور موجودہ ایچ جی اوز کو کوٹہ کی تقسیم سے متعلق جائزہ لے گی اور اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح اختیاراتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو حج 2017ء سے پہلے اپنی سفارشات واضح کرے گی۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس کے دوران حج پالیسی2016ء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستیں18 سے26 اپریل تک وصول کی جائیں گی جبکہ عازمین حج کے چناؤ کیلئے قرعہ اندازی29 اپریل 2016ء کو کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی طرح قربانی کے 13,340 روپے اس حج پیکج کے علاوہ جمع کروانا ہوں گے۔حج درخواستیں آٹھ بنکوں کی مخصوص برانچوں میں وصول کی جائیں گی۔ ان بنکوں میں نیشنل بنک آف پاکستان ،الائیڈ لمیٹڈ،مسلم کمرشل بنک لمیٹڈ،یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ،حبیب بنک لمیٹڈ، بنک الفلاح،بین آف پنجاب، میزان بنک شامل ہیں۔ تمام بنک حج درخواستوں کی مد میں جمع ہونے والی رقم کو شریعہ اکاؤنٹ میں رکھیں گے۔

بین الاقوامی مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ،کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور میڈیکل سرٹیفیکیٹ لازم ہوگا۔ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی کم از کم معیاد10 مارچ2017ء تک ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حج2016ء کا فضائی کرایہ(بشمول تمام ٹیکسز)شمالی زون کیلئے98 ہزار7 سو روپے سے کم کرکے95 ہزار روپے جبکہ جنوبی زون کیلئے89 ہزار 7 روپے سے کم کرکے86 ہزار روپے کردیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام عازمین حج کو مخصوص ائیرلائنز(پی آئی اے ،سعودی ائر لائن،شاہین انٹرنیشنل اور ائر بلیو)کے ذریعے(حجاز مقدس)روانہ کیا جائے گا۔ اس سال بھی گزشتہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کسی کو مفت حج نہیں کروایا جائے گا۔ کوئی بھی شخص جس نے گزشتہ 5 سالوں میں حج ادا کیا ہوا ہو وہ حج2016ء کیلئے اہل تصور نہیں ہوگا۔ محرم یا حج بدل کرنیو الے افراد کو اس ضمن میں استثنیٰ حاصل ہوگا۔

سردار یوسف نے کہا کہ سرکاری حج سکیم کے حجاج کو دوران قیام،مکہ مکرمہ،مدینہ منورہ اور منیٰ میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ کھانے کے اخراجات موجودہ حج پیکج سے ہی ادا کئے جائیں گے۔ اس سال کھانے کے مینیو کو بہتر کیا گیا ہے۔ وزارت کی کوشش ہے کہ سرکاری حج سکیم کے تمام حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے پانچ سو میٹر کے دائرے کے اند میں ٹھہرایا جائے گا۔

سرکاری حج سکیم کے حجاج کرام کو مشترکہ قیام وطعام کی سہولتیں سعودی قوانین اور رہائشی اجازت ناموں کے مطابق مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کو24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت حج2015ء میں مہیا کی گئی جو ان کو ان کی رہائش سے حرم پاک اور واپس ان کی رہائش گاہ پر چھوڑتی تھی یہ سہولت حج2016ء میں بھی جاری رہے گی۔ اس مقصد کیلئے نئے ماڈل ترجیحاً(2013-16 ) کی بسیں استعمال کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اس سال حجاج کرام کی سہولت کیلئے نئے اقدامات کررہی ہے جس کے مطابق تمام حجاج کرام کے ائر پورٹ پہنچنے پر جوس،پھل،سینڈوچ وغیرہ سے تواضع کی جائے گی ،تمام سرکاری سکیم کے حجاج کرام کو عرفات میں ائر کولر کی سہولت مہیا کی جائے گی،سعودی حکومت کی اجازت ملنے پر تمام سرکاری سکیم کے حجاج کرام کو جدہ ائر پورٹ سے مکہ مکرمہ نقل وحمل کیلئے نئے ماڈل کی بسیں مہیا کی جائیں گی، کوشش کی جارہی ہے کہ تمام سرکاری سکیم کے حجاج کرام سے واپسی پر ان کا سامان مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہی متعلقہ ائر لائن کے نمائندے ،ائر پورٹ کیلئے بک کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی منظوری ملنے پر سرکاری سکیم کے 50 فیصد عازمین حج کو پاکستان سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا اور اسی طرح ہی ان کی واپسی بھی ہوگی اور یوں ان کے پیسوں کے ساتھ ساتھ وقت کی بھی بچت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام حجاج کو ان کی وطن واپسی پر مخصوص پیکنگ میں5 لیٹر زم زم واپسی پر ساتھ لانے کی اجازت ہوگی،حجاج محافظ سکیم،جو تکافل کی بنیاد پر واضع کی گئی ہے،حج پالیسی 2016ء میں بھی جاری رہے گی۔

اور اس سلسلے میں مبلغ5 روپے فی حاجی وصول کئے جائیں گے اور عازمین حج کیلئے ایک جامع آگاہی مہم اور تربیت شروع کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے وزارت ایمرجنسی پلان ترتیب دے رہی ہے ۔اس کے علاوہ،وزارت حجاج کرام اور فلاحی عملے کیلئے قبل از حج ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے خصوصی تربیت کا جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مرد و خواتین عازمین حج کیلئے لازم ہے کہ پاکستانی شناخت والے سٹیکر کو اپنے احرام پر چسپاں کریں تاکہ ان کی پہچان ممکن ہوسکے۔ ہر خاتون عازم حج دو عدد عبایا(ترجیحاً کالے رنگ) اپنے ہمراہ لے کر جائے جس کا حتمی نمونہ الگ سے جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام گروپ آرگنائزرز جنہوں نے حج2015ء ادا کروایا وہی2016ء میں حاجیوں کو لے جانے کے حق دار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام گروپ آرگنائزر کیلئے ضروری ہے کہ وہ کارکردگی کی گارنٹی کے طور پر اپنے پیکج کا 5 فیصد (پیکجx کوٹہ) سیکیورٹی ڈیپازٹ کیش یا بنک گارنٹی کی صورت میں جمع کروائیں جو کہ تسلی بخش کارکردگی کی بنیاد پر واپس کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کی طرف سے حج2015ء میں دی گئی آراء کے عین مطابق پاکستان اور سعودی عرب میں حج آپریشن کی نگرانی اور نگرانی کی طریقہ کار دونوں حج سکیموں سرکاری اور نجی سکیم کیلئے،شکایات کال سینٹر،ای میل اور خصوصی نگران ٹیموں کے ذریعے نگرانی کے عمل کو مضبوط بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارت نئے اور موجودہHGOsگروپ آرگنائزر کو کوٹہ کی تقسیم سے متعلق جائزہ لے گی اور حوالے سے وزیر مذہبی امور کی صدارت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو حج2017ء سے پہلے اپنی سفارشات وضع کرے گی،مزید معلومات کیلئے وزارت کی وب سائٹسwww.hajjinfo.org&www.mora.gov.pk اور حج انکوائری نمبر051-9205696 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات اور وزارت کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :