تحصیل روجھان کے مختلف مواضعات میں کرفیو نافذ

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:54

راجن پور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء )ڈی سی او راجن پورچوہدری ظہور حسین گجر نے ضلع راجن پور کی حدود میں قائم کچہ کے علاقے میں سیکیورٹی اداروں اور پا ک فوج کے جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری مشترکہ آپریشن کے نتیجہ میں کسی بھی قسم کا جانی و مالی نقصان اور قیمتی املاک کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے تحصیل روجھان کے مختلف مواضعات میں دفعہ 144کا نفاذ کرتے ہوئے فوری طور پر کرفیو کا نفاذ کر دیا ہے ۔

تفصیل کے مطابق چک ہیتھر،چک سوری،شاہ والی خاص،چک چراغ شاہ،چک بہوٹ،کچہ بہوٹ،کچہ راضی،سونمیانی،چک دھنوانی،کچہ پاروشا،بیلی شاہ،چک کپراء،چک عمرانی،جنگو تھاڈی،گڈہنار،بمبلی خیر پور،کن خاص،رکھ شاہ والی،گری سوری اورڈینگری سوری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کرفیو کا نفاذ جمعہ کے روز سے شروع ہو چکا ہے اور غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔ڈی سی اوراجن پور کے مطابق حالات کو دیکھ کر کرفیو میں نرمی کے اوقات صبح 6بجے سے8بجے ،دوپہر کو 1بجے سے 2بجے اور شام کو 5بجے سے 6بجے کے درمیان ممکن ہیں مگر حالات کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے نرمی کے اوقات تبدیل کئے جا سکتے ہیں۔

ان مواضعات میں رہنے والے لوگوں میں سے کرفیو کے دوران کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔گلی یا محلہ میں 5سے ذیادہ اشخاص جمع نہیں ہوسکتے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔