سکول کونسلز فعال،نئی ٹیچر ز ٹرانسفر پالیسی و سکولز ٹرانسپورٹ پالیسی کی تیاری

صوبا ئی وزیر تعلیم نے سکولوں کے بچوں کیلئے نیوٹریشن پالیسی کیلئے بھی کمیٹیاں قائم کر دیں

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:24

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء ) سکول کونسلز کو فعال بنانے کیلئے 4رکنی اعلی سطحی کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی سکول کونسلز کے ممبران، فرائض اور اختیارات کے حوالے سے تین دن میں اپنی سفارشات تیارکر کے وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان کو پیش کرے گی، صوبائی وزیر تعلیم نے اساتذہ کی ٹرانسفرپالیسی میں مناسب تبدیلیاں لانے، طلبہ واساتذہ کے تعلیمی اداروں میں آنے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ پالیسی اور سکولوں کے بچوں کیلئے نیوٹریشن پالیسی کی تیاری کیلئے بھی کمیٹیاں قائم کردیں۔

رانا مشہود احمد خان یہاں محکمہ سکولز ایجوکیشن میں اصلاحات پر موثر عملدرآمد کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں پیف، پنجاب ٹیکسٹ بک اینڈ کری کلم بورڈ، پی ایم آئی یو، ڈی ایس ڈی کے سربراہان کے علاوہ سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ سکول کونسلز کے ادارے کو مضبوط اور فعال بناکر تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا گراف بلندکیا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ سکول کونسلز میں دیگر ممبران کے علاوہ مخیرحضرات کو بھی نمائندگی دینی چاہیے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے ابتک ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کیا۔رانا مشہود احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبہ میں موجود تمام نجی ملکیت کے سکولوں کی تعداد، تعلیمی سہولیات اور اساتذہ کی تعداد بارے میں اپ ٹوڈیٹ اعداد و شمار فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں کلاس رومز، اساتذہ اور درکار تعلیمی سہولیات کے حوالے سے دستیاب وسائل کی مدد سے بہترین تعلیمی ماڈل تیا ر کیا گیاہے جبکہ حال ہی میں برطانیہ میں عالمی تعلیمی کانفرنس میں پنجاب کے تعلیمی ماڈل کو دنیا کے پانچ بہترین ایمرجنگ ماڈلز میں سے ایک قراردیا گیا ہے۔ اجلاس میں محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں جن پر تفصیلی بحث کی گئی۔ آخر میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ محکمہ تعلیم کے تمام ذیلی اداروں کا اجلاس آئندہ باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :