اقلیتوں کو جو سہولیات یہاں میسر ہیں دنیا میں کہیں اور نہیں محمد صدیق الفاروق

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:22

لاہور۔16 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء ) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں، سکھوں کو جو سہولیات یہاں میسر ہیں دنیا میں کہیں اور نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب میں 1947ء کے بعدسے بند پانچھویں وچھیویں پاتشاہی کے گوردوارہ کو بحال کر نے کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈ ر سردار رگبیر سنگھ،پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تار ا سنگھ، سردار منموہن سنگھ خالصہ اورسردار پریتم سنگھ سمیت دیگر سکھ رہنماء ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن خالد علی ، ایڈمنسٹریٹر وہاب گل،گلریز چوہدری، محمد اسحاق ، عتیق گیلانی ، یاسر اکرم ودیگر بورڈ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین بورڈ نے کہا کہ سکھ قوم کیلئے آج ایک تاریخی دن ہے ، ان کا ایک اور دیرینہ مطالبہ پور ا کر دیاہے ،انہوں نے کہا کہ 17دنوں میں پشاور کے گوردوارہ بھائی بیبا سنگھ کے بعد یہ دوسرا قدیمی و تاریخی گورودوارہ بحال کر کے ان کے سپرد کر دیا گیا تاکہ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اپنی دلی اُمنگوں کے مطابق مذہبی رسومات ادا اور یاترا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ تقسیم پاکستا ن کے وقت یہ گورودوارہ پانچ مرلہ اراضی پر مشتمل تھا جبکہ آج مکمل تزین وآرائش کے بعد تقریباً ڈیرھ کنال اراضی پر تعمیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھ قوم کا اہم خواب پورا ہونے پر میں انہیں مبارکباد پیش کر تا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ وزیر اعظم محمدنواز شریف نے آپکی خدمت کی جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے میں اسے اپنااسلامی اورآئینی فرض سمجھ کے پوری ایمانداری سے نبھا رہا ہوں ۔ بھارتی پارٹی لیڈ ر سردار رگبیر سنگھ،پردھان سردار تار ا سنگھ، سردار منموہن سنگھ خالصہ ،سردار پریتم سنگھ ، سردار گوپال سنگھ و دیگر نے سکھ قوم کے مطالبہ پر تاریخی و قدیمی گورودوارہ مکمل تنزین و آرائش کے بعد بحال کرنے پر حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ صدیق الفارو ق کا خصوصی الفاظ میں شکریہ اداکرتے ہوئے بھارتی سکھ لیڈ ر سردار رگبیر سنگھ نے کہا کہ جو ہم نے کبھی خواب میں نہیں سوچا تھا آج اُسے حقیقت میں دیکھ رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان زندہ باد ، سکھ مسلم دوستی زندہ باد اور وزیر اعظم محمدنواز شریف زند ہ باد کے نعرے بھی بلند کئے گئے۔ آخر میں گوردوارہ کو بحال کرنے کی نقاب کشائی کی گئی اورگوروگرنتھ صاحب کو انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ گوردوارہ میں رکھ کر ملکی ترقی وقومی خوشحالی ، سکھ مسلم دوستی کے رشتے کی مضبوطی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :