چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی اوکاڑہ فارمز کے کاشتکاروں کا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے کی ہدایت

پی پی نے ہمیشہ مزدوروں اور کسانوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور عملی جدوجہد بھی کی

ہفتہ 16 اپریل 2016 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ فارمز کے کاشتکاروں کا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے اور انہیں بے زمین کرنے کے لئے طاقت کے استعمال سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے کیونکہ پی پی نے ہمیشہ مزدوروں اور کسانوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور عملی جدوجہد بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی پیپلز پارٹی محنت کشوں اور کاشتکاروں کے جائز مسائل کے حل اور ان کے ساتھ روا رکھی جانے والی زیادتیوں کے خلاف ہر تحریک میں بھر پور طریقے سے شریک ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیتی باڑی ان غریب کاشت کاروں کے گزر بسر کا واحد ذریعہ ہے اور اس کے بغیر وہ کسی طرح زندگی گزاریں گے۔ بلاول بھٹو نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مقامی طور پر پیدا ہونے والی زرعی اجناس کے لئے کبھی بین الاقوامی منڈیاں تلاش نہیں کیں حالانکہ یہ اشیاء ہمسائیہ ممالک کو بھی برآمد کی جاسکتی ہیں۔

بلاول بھٹو زردای نے خبردار کیا کہ ان کی پارٹی ان کاشتکاروں کو طاقت کے زریعے بیدخل کرنے کی مخالفت کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کاشتکاروں کے جائز حقوق کے تحفظ کی ضمانت دے اور اس معاملہ کو خوش اسلوبی کے ساتھ طے کرے۔

متعلقہ عنوان :