ڈی ایم سی ویسٹ کے بلدیہ زون کے عملے کی کام چھوڑ ہڑتال

مظاہرین کا حب ریور روڈ پر کچرہ گاڑیوں کے ہمراہ احتجاج ،زبردست نعرے بازی

ہفتہ 16 اپریل 2016 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) ڈی ایم سی ویسٹ کے بلدیہ زون کے عملے نے یوسی نمبر 33کے چیئرمین کے عملے کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے ،کنٹریکٹ ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں ،18ماہ کے اوورٹائم ،اعزازیئے ،لیوانکیشمنٹ ،فنانشیل اسنٹس اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کام چھوڑ ہڑتال کردی ۔سجن یونین (سی بی اے) ومیونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سیدذوالفقارشاہ عملے کے ساتھ یکجہتی کے لیے صبح سویرے بلدیہ ٹاؤن آفس پہنچ گئے اس موقع پرمظاہرین نے حب ریور روڈ پر کچرہ گاڑیوں کے ہمراہ احتجاج کیا اور زبردست نعرے بازی کی ۔

اس دوران مسلم لیگ (نواز ) سندھ کے جوائنٹ سیکریٹری صالحین تنولی کی قیادت میں یوسی چیئرمین محمد رفیق خان ،یوسی چیئرمین وقار تنولی ،وائس چیئرمین طارق ،کوآرڈ ینیٹرکامران شاہ ،بلدیہ ٹاؤن آفس آکر عملے کے ساتھ پیش آنے والے رویئے پر معافی مانگی اس موقع پر مزدور رہنما ماسٹر سیموئیل ،عبدالشکور ،انور قریشی ،راجہ عاصم شہزاد، شریف خان ،محمد قاسم ،محمد علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سیدذوالفقارشاہ کی قیادت میں راجہ عاصم اور دیگر نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ آصف جمیل ،ایڈمنسٹریٹر ویسٹ اشفاق ملاح سے مذاکرات کیے ۔جس میں طے کیا گیا کہ تیار شدہ اوورٹائم ،تنخواہوں ،لیوانکیشمنٹ ،فنانشیل اسٹنٹس اور دیگر واجبات کے بلز کل دوپہر کوانکی منظوری کے لیے لائے جائیں اور ان پر فوری ادائیگیا ں کی جائیں ۔انہوں نے ہڑتال ختم کرنے کی درخواست کی ۔جس پر مشاورت کے بعدہڑتال ختم کرنے کا شام گئے اعلان کیا گیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹرسینیٹیشن زائد اقبال ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید قمر ،ڈپٹی ڈائریکٹر شاہ نواز بھٹی ،البرٹ عزیز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :