وزیراعلی نے بینک آف خیبر کی طرف سے جاری اشتہار کو نامناسب ،حدود سے تجاوز قرار دیا

اشتہار کا اجراء قابل مذمت ،غیر اخلاقی ، غیرقانونی حرکت ،اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہے،پرویزخٹک وزیر خزانہ مظفر سید مظفر ایماندار ،دیانتدار شخصیت کے مالک ہیں ،ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا کاردعمل

ہفتہ 16 اپریل 2016 20:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اخبارات میں بینک آف خیبر کی طرف سے جاری کردہ اشتہار کو نامناسب اور حدود سے تجاوز قرار دیا ہے اوراس کی انکوائری کا حکم دیاہے وزیراعلیٰ نے ہفتہ کو یہاں سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاکہ اس اشتہار کا اجراء نہ صرف قابل مذمت بلکہ ایک غیر اخلاقی ، غیرقانونی حرکت اور اختیارات سے تجاوز کے مترادف ہے کیونکہ اس میں بینک کے وسائل کو استعمال کرکے وزیر خزانہ کی کردار کشی کی کوشش کی گئی ہے پرویز خٹک نے واضح کیا کہ وزیر خزانہ مظفر سید ایماندار اور دیانتدار شخصیت کے مالک ہیں ہمیں ان پر مکمل اعتماد ہے اور ان کی کارکردگی کا پتہ ان کے فیصلوں سے واضح ہے انہوں نے اس حقیقت پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مظفر سید کی سربراہی میں محکمہ خزانہ صوبے کے حقوق ، اداروں میں فعالیت لانے اور اہداف کے حصول کی طرف تیز ی سے گامزن ہے انہوں نے واضح کیاکہ موجودہ حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں میں یکسوئی اور مکمل ہم آہنگی ہے انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے تمام محکمے مکمل یکسوئی اور تندہی کے ساتھ صوبے کے حقوق ، عوام کی فلاح و بہبود اور اچھی حکمرانی کے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :