سکول کونسلز فعال،نئی ٹیچر زٹرانسفر پالیسی اور سکولز ٹرانسپورٹ پالیسی کی تیاری

صوبا ئی وزیر تعلیم نے اساتذہ کی ٹرانسفر پالیسی میں مناسب تبدیلیاں لانے ،سکولوں کے بچوں کیلئے نیوٹریشن پالیسی کی تیاری کیلئے بھی کمیٹیاں قائم کر دیں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت محکمہ سکولز ایجوکیشن میں اصلاحات پر موثر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) سکول کونسلز کو فعال بنانے کے لئے 4رکنی اعلی سطحی کمیٹی قائم کردی گئی،کمیٹی سکول کونسلز کے ممبران، فرائض اور اختیارات کے حوالے سے تین دن میں اپنی سفارشات تیارکر کے وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان کو پیش کرے گی، صوبائی وزیر تعلیم نے اساتذہ کی ٹرانسفرپالیسی میں مناسب تبدیلیاں لانے، طلبا،اساتذہ کے تعلیمی اداروں میں آنے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ پالیسی اور سکولوں کے بچوں کے لئے نیوٹریشن پالیسی کی تیاری کے لئے بھی کمیٹیاں قائم کردیں،محکمہ سکولز ایجوکیشن کو وزیراعلی محمدشہبازشریف کے ویژن کی روشنی میں نئی نسل کے ایک ایک بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا موثر ذریعہ بنا دیاگیاہے۔

رانا مشہود احمد خان یہاں محکمہ سکولز ایجوکیشن میں اصلاحات پر موثر عملدرآمد کے سلسلہ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں پیف، پنجاب ٹیکسٹ بک اینڈ کری کلم بورڈ، پی ایم آئی یو، ڈی ایس ڈی کے سربراہان کے علاوہ سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے شرکت کی۔رانا مشہود احمد خان نے اجلاس کے شرکاء کو بتایاکہ سکول کونسلز کے ادارے کو مضبوط اور فعال بناکر تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا گراف بلندکیا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ سکول کونسلز میں دیگر ممبران کے علاوہ مخیرحضرات کو بھی نمائندگی دینی چاہیے ۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے ابتک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔رانا مشہود احمد خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبہ میں موجود تمام نجی ملکیت کے سکولوں کی تعداد، تعلیمی سہولیات اور اساتذہ کی تعداد بارے میں اپ ٹوڈیٹ اعداد و شمار فراہم کئے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں کلاس رومز، اساتذہ اور درکار تعلیمی سہولیات کے حوالے سے دستیاب وسائل کی مدد سے بہترین تعلیمی ماڈل تیا ر کیا گیاہے۔حال ہی میں برطانیہ میں عالمی تعلیمی کانفرنس میں پنجاب کے تعلیمی ماڈل کو دنیا کے پانچ بہترین ایمرجنگ ماڈلز میں سے ایک قراردیا گیا ہے۔ اجلاس میں محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں جن پر تفصیلی بحث کی گئی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ محکمہ تعلیم کے تمام ذیلی اداروں کا اجلاس آئندہ باقاعدگی سے منعقد ہوگا۔