سکھ قو م پھوٹ ڈالنے والے کا محاسبہ کریں ،پاکستان اقلیتوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں‘ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ

معاشرے کو نقصان پہنچانیوالے دہشتگر د اور ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے ،بہت جلد ہمارا ملک امن کا گہوارہ ثابت ہوگا‘ صدیق الفاروق

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ سکھ قو م انکے درمیان پھوٹ ڈالنے والے کا محاسبہ کریں ،پاکستان اقلیتوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں، سکھوں کو جو سہولیات یہاں میسر ہیں دنیا میں کہیں اور نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب میں 1947کے بعدسے بند پانچھویں وچھیویں پاتشاہی کے گوردوارہ کو بحال کر نے کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈ ر سردار رگبیر سنگھ،پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تار ا سنگھ، سردار منموہن سنگھ خالصہ ،سردار پریتم سنگھ سمیت دیگر سکھ رہنماء ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن خالد علی ، ایڈمنسٹریٹر وہاب گل،گلریز چوہدری، محمد اسحاق ، عتیق گیلانی ، یاسر اکرم ودیگر بورڈ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

چیئر مین بورڈ نے مزید کہا کہ سکھ قوم کیلئے آج ایک تاریخی دن ہے ، آج انکا ایک اور دیرینہ مطالبہ پور ا کر دیا اور 17دنوں میں پشاور کے گوردوارہ بھائی بیبا سنگھ کے بعد یہ دوسرا قدیمی و تاریخی گورودوارہ کو بحال کر کے انکے سپرد کر دیا گیاتاکہ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اپنی دلی اُمنگوں کے مطابق مذہبی رسومات ادا اور یاترا کر سکیں۔ انکا کہنا تھا کہ تقسیم پاکستا ن کے وقت یہ گورودوارہ پانچ مرلہ اراضی پر مشتمل تھا جبکہ آج مکمل تزین وآرائش کے بعد تقریباً ڈیرھ کنال اراضی پر تعمیر ہے۔

سکھ قوم کا اہم خواب پورا ہونے پر میں انہیں مبارکباد پیش کر تا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے آپکی خدمت کی جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے میں اسے اپنااسلامی اورآئینی فرض سمجھ کے پوری ایمانداری سے نبھا رہا ہوں ۔معاشرے کو نقصان پہنچانے والے دہشت گر د اور ڈاکوؤں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور بہت جلد ہمارا ملک امن کا گہوارہ ثابت ہوگا۔

بھارتی پارٹی لیڈ ر سرداررگبیر سنگھ،پردھان سردار تار ا سنگھ، سردار منموہن سنگھ خالصہ ،سردار پریتم سنگھ ، سردار گوپال سنگھ و دیگر نے سکھ قوم کے مطالبہ پر تاریخی و قدیمی گورودوارہ مکمل تنزین و آرائش کے بعد بحال کرنے پر حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ صدیق الفارو ق کا خصوصی الفاظ میں شکریہ اداکرتے ہوئے بھارتی سکھ لیڈ ر سردار رگبیر سنگھ نے کہا کہ جو ہم نے کبھی خواب میں نہیں سوچا تھا آج اُسے حقیقت میں دیکھ رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان زندہ باد ، سکھ مسلم دوستی زندہ باد وزیر اعظم میاں نواز شریف زند ہ باد کے نعرے بلند کیے گئے۔اور آخر میں گوردوارہ کو بحال کرنے کی نقاب کشائی کی گئی گوروگرنتھ صاحب کو انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ گوردوارہ میں رکھ کر ملکی ترقی وقومی خوشحالی ، سکھ مسلم دوستی کے رشتے کی مضبوطی اورسازشی عناصر کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعائیں گی گئیں۔

متعلقہ عنوان :