وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کی ملاقات

چند عناصر ذاتی مفادات کی خاطر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں‘شہبازشریف مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید عام آدمی کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہے،وزیراعلیٰ

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا شعار ہے۔ چند عناصر ذاتی مفادات کی خاطر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں۔ عوام اب کسی کو اس سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے۔

سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور سی پیک کے منصوبے مکمل ہونے سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید عام آدمی کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہے۔

عوام ماضی میں مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والوں کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور بلدیاتی الیکشن میں بھی عوام نے ترقی و خوشحالی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو رد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سیاست کو عبادت اور خدمت سمجھتی ہے۔ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل تک لے جانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔