الیکشن کمیشن کا وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر پارلیمنٹرین کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ہفتہ 16 اپریل 2016 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 اپریل۔2016ء) الیکشن کمیشن کا وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر پارلیمنٹرین کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔شہری شبیر اسماعیل نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نواز شریف ، ان کے داماد کیپٹن صفدر،وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر ارکان کے اثاثوں کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ سے ہٹادیں ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو ایسا اقدام کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں.الیکشن کمیشن کا ویب سائٹ سے اثاثوں کی تفصیلات ہٹانا کرپشن کو تحفظ دینے کے مترادف ہے ،درخواست میں یہ بھی بتایا گیا کہ الیکشن نے ویب سائٹ سے پارلیمنٹرین کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا کر معلومات تک رسائی کے قانون کی نفی کی ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو پارلیمنٹرین کے اثاثوں کی تفصیلات فوری طور پر ویب سائٹ پر بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔