فیصل آباد ، فیسکو کے جاں بحق ملازمین کے بچوں کو تقرر نامے دینے کی تقریب کا اہتمام

کمپنی کی بہتری کیلئے جانیں قربان کرنے والے ملازمین پر فخر ہے،چیف ایگزیکٹو رشید احمد اسلم

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 اپریل۔2016ء) فیصل آباد الیکٹر ک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے دوران ڈیوٹی جاں بابحق ہونے ملازمین کے 20 بچوں کو Appointment Letters( تقرر نامے)دینے کی ایک تقریب سے خطاب چیف ایگزیکٹورشید احمداسلم نے کہا ہے کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے فیسکو کی جانب سے دوران ڈیوٹی چالو لائنوں پر کام کرتے ہوئے شہید ہونیوالے اور دوران ملازمت وفات پاجانے والے ملازمین کے بچوں کو فوری ملازمت دینے کی درخشاں روایت جاری رہے گی ۔

کمپنی کی بہتری کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے ملازمین قابل فخر ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ نئی نسل سے ہمیں بہت سی توقعات وابستہ ہیں لہذا ملک و قوم کی خدمت اور کمپنی کی بہتری کیلئے اپنی جان لڑا دیں اورصارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے فوت شدہ ملازمین کے بچوں کو نوکری دینے کے سلسلہ میں کی گئی یونین کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دورانِ نوکری وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو اشتہار اور امتحان کے بغیر محض تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر نوکریاں دینے کا قانون بنوانے میں یونین نے نمایاں کردار ادا کیا۔

چیف ایگزیکٹو نے نئے بھرتی کئے جانے والے ملازمین کو تلقین کی کہ آئندہ زندگی میں اپنا کا م محنت،ایمانداری اور لگن سے کر یں اور محکمہ کی نیک نامی اور وقار کا باعث بنیں۔یاد رکھیں آپ لوگ اپنے مرحوم والدین کی وجہ سے بھرتی کئے گئے ہیں لہذا ایمانداری سے فرائض کی بجا آوری کر کے ان کیلئے صدقہ جاریہ بنیں تاکہ روز قیامت آپ کے اعمال کی وجہ سے انہیں شرمندہ نہ ہونا پڑے اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ کی وجہ سے اگر کسی ایک انسان کو بھی تکلیف پہنچی تو آپ کو دُنیا اور آخرت میں اس کا کڑا حساب دینا پڑے گا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی ایم آپریشن ہارون رشید اور ڈی جی ایچ آراینڈایڈمن احسان محمد صدیقی نے کہا کہ فیسکو ریجن میں سی بی اے یونین اور انتطامیہ کے مثالی تعلقات ہیں جس سے معاملات اورملازمین کی فلاح و بہبود میں بہت مدد ملتی ہے ۔انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو تاکید کی کہ زندگی میں فرائض کی ادائیگی کو ہمیشہ فوقیت دیں اور نیک نامی کمائیں۔

نئے بھرتی ہونے والے نوجوان ملازمین پورے جذبہ کے ساتھ خدمتِ خلق کی پالیسی پر عمل پیرا رہیں۔اس موقع پرچیف انجنئیر آپریشن شیخ عامل صدیقی، ایڈیشنل ڈی جی ایچ آر محمد علی،ڈائریکٹر سی ایم اطہر ایوب، سی بی اے کے ریجنل چئیرمین رانا جعفر اور رفیق گجر بھی موجود تھے ۔بعدازاں انھوں نے مرحوم ملازمین کے 20 نئے بھرتی ہونے والے بچوں میں تقرر نامے تقسیم کئے۔

جن لوگوں کو تقرر نامے دیئے گئے ان میں سلیم اللہ خان، محسن وقار اورارسلان اسلم کو لائن سپرنٹنڈنٹ ٹو،سیدہ طاہرہ گوہر زیدی،سید مخدوم رضا ،محمد توقیر،شاہزیب شفیق اور ذیشان حنیف کوکمرشل ا سسٹنٹ ،،محمد یاسر علی کو اکاؤنٹس اسسٹنٹ ،نعمان علی،عدیل غفار،محمد کامران،شہریار خرم اورعمیر مختار کو میٹر ریڈر،سید منظر عباس،اویس خالد ،اللہ رکھا اور،محمد رضوان کو اسسٹنٹ لائن مین ،محمد حسن رضا کو بل ڈسٹری بیوٹر جبکہ فرخ مقبو ل کو سینٹری ورکرتعینات کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :