ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرنے والے عوام کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے، لیاقت خان

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:24

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ راولپنڈی ڈویژن کے صدر لیاقت خان نے کہاہے کہ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے دوچار کرنے والے عوام کو خوشحال نہیں دیکھناچاہتے اور نہ ہی ملکی ترقی کو برداشت کرسکتے ہیں،پانامہ لیکس کے تناطر میں عمران خان چائے کی پیالی میں طوفان لا رہے ہیں حالانکہ حقائق اس کے برعکس ہیں ،پانامہ لیکس جھوٹ کا پلندہ ہے، اس ایشوکی آڑ میں ایک منتخب عوامی حکومت کو گرانے کی ناکام سیاسی چالیں چلانے والوں کو ایک بار پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک و قوم کی خوشحالی کا جو ایجنڈا ترتیب دیا ہے اسے ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لیاقت خان نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف علاج کی خاطر لندن گئے ہیں بہت جلدملک واپس آئیں گے،وزیراعظم کی بیماری اور پانامہ لیکس کی آڑ میں سیاست چمکانے والے پہلے کی طرح ناکام ہونگے ،خوابوں میں وزیراعظم بننے والوں کو اس بار بھی مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا، سیاسی بھونچال جلد ختم ہوجائے گا اور حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکامی کا منہ دیکھیں گے۔