سیکریٹری سوشل ویلفیئر کا اٹک میں اینٹوں کے بھٹوں کا دورہ

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:21

اٹک ۔ 16 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء)حکومت پنجاب چائلڈ لیبر آرڈنینس 2016کے تحت ضلع اٹک میں اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو چائلڈ لیبر سے تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سیکریٹری سوشل ویلفیئر پنجاب ہارون رفیق نے اٹک میں جی ٹی روڈ پر قائم اینٹوں کے بھٹوں کا دورہ کیا۔ ڈی سی او چوہدری حبیب اللہ ، اے سی حسن ابدال سیدہ رملہ علی ، ڈی ایل او محمد سہیل اور ڈی او لیبر آغا سکندر بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر انہوں نے بھٹہ مالکان اور منشیوں کوچائلڈ لیبر آرڈنینس کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بھٹہ جات پر 5 سے 14 سال کی عمر تک کے بچوں کی موجودگی خصوصاً سکول اوقات میں ہونے کی صورت میں بھٹہ مالک اور بھٹہ منیجر ذمہ دار قرار دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس صورت میں تحریری شکایت پر متعلقہ تھانے میں ان کے خلا ف ایف آئی آر درج کی جائے گی، بھٹہ مالک اور بھٹہ منیجر (منشی) کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے اوربھٹے کو سیل کیا جاسکتا ہے۔

اس سلسلے میں تمام ایس ڈی پی او ز اور اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں قائم بھٹہ جات کا دورہ کریں اور ڈی سی او آفس اٹک کو تفصیلی رپورٹ ارسال کریں۔ انٹیلی جنس اور سپشل برانچ کے افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام بھٹہ جات میں کام کرنے والے افراد کے بمعہ شناختی کارڈ ز کوائف اکھٹے کریں اور ان مقامات پر کڑی نظر رکھیں۔

ڈی او لٹریسی اور ڈی او لیبر کو ہدایت کی گئی کہ وہ بھٹہ جات پر لٹریسی سنٹر کے قیام کے لیے تمام اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں متعلقہ اے سی ان کی معاونت کرے گا۔ سیکریٹری سوشل ویلفیئر نے کہا کہ حکومت چائلڈ لیبر کے خلاف سخت ترین قوانین پاس کررہی ہے اور اس پر عمل در آمد بھی جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو اس اہم معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جارہی ہے اور صوبہ بھر کے تمام متعلقہ حکام روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال کررہے ہیں۔

بھٹہ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ 14 سال تک کی عمر کے بچوں کوقریب ترین سکول میں داخل کروایا جائے تاکہ وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی اس موقع پر مختلف بھٹوں کا دورہ کررہے ہیں اور بھٹہ مالکان کو ہدایا ت جاری کررہے ہیں کہ وہ چائلڈ لیبر قوانین پر سختی سے عمل در آمد کریں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکریٹری سوشل ویلفیئر نے کہا کہ یہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور کسی شخص کو بھی ان کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں 76 اینٹوں کے بھٹے موجود ہیں جہاں سے 1020 بچوں کو غیر رسمی بنیادی تعلیمی سکولوں میں داخل کروایا گیا۔ بھٹوں کے دورے کے دوران سیکریٹری سوشل ویلفیئر نے بھٹہ مالکان سے ملاقات کی اور انہیں چائلڈ لیبر قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کی۔