اٹک،قانون پر بلا امتیاز عمل در آمد سے ہی معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہے ، صوبائی وزیر معدنیات

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:21

اٹک ۔ 16 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء)صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، قانون پر بلا امتیاز عمل در آمد سے ہی معاشرے سے جرائم کا خاتمہ ممکن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنڈی گھیب میں مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے میجر (ر) ملک محمد اعظم خان گھیبا کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے نامزد امیدوار چیئرمین خواجہ آفتاب احمد حیدری، وائس چیئرمین ملک عبیداللہ طاہر، صوبائی وزیر کے معاون خصوصی سردار وقار حسین، پرسنل سیکرٹری نوید میر ، صدر بار ایسوسی ایشن شیخ آفتاب سمیت لیگی کارکن بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے مختلف میگا پروجیکٹس پر عمل در آمد کر رہی ہے جن کی تکمیل سے عوام خوشحال ہوں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے ،چیئرمین شپ کے الیکشن کا اعلان عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کمشن کرے گا ۔