Live Updates

عمران خان ججوں کو گالیاں دینے کی بجائے کمیشن کے ٹی او آرز پر بات کریں ، انتشار پھیلانے والے بیانات سے قوم مایوس ہوچکی، دھرنے سے پہلے کچھ ہوا نہ اب ہوگا عمران خان کو پھر اسمبلی میں ہی پڑے گا،پاناما ایشو پر اعتزاز احسن پارٹی لائن سے ہٹ کر اپنی ہی لائن پر چل رہے ہیں ،وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی لیگی رہنما کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:14

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان ججوں کو گالیاں دینے کی بجائے کمیشن کے ٹی او آرز پر بات کریں تاکہ جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے سچائی عوام کے سامنے آئے۔ دھرنے سے پہلے کچھ ہوا نہ اب ہوگا عمران خان کو پھر اسمبلی میں ہی پڑے گا۔ انتشار پھیلانے والے بیانات سے قوم مایوس ہوچکی ہے،اب لوگ کسی کے بھکاوے میں نہیں آئیں گے۔

پاناما ایشو پر اعتزاز احسن پارٹی لائن سے ہٹ کر اپنی ہی لائن پر چل رہے ہیں ۔ہفتہ کے روز ملتان میں مسلم لیگی رہنما و ٹکٹ ہولڈرپی پی194ملک انورعلی کی رہائشگاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کو روکنے کے لئے ججز پر تنقید کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتیں جوڈیشل کمیشن بننے دیں سچائی سب کے سامنے آجائے گی۔

تحریک انصاف نے کمیشن بنانے کیلئے پہلے بھی 126دن کا دھرنا دیا۔گالم گلوچ سے کمیشن نہیں بنتا۔اگر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین کمیشن کے قیام پر اتفاق ہوجائے تو ایک دو ماہ میں دودھ کا دودھ،پانی کا پانی ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف علاج کیلئے لندن گئے ہیں ۔صحت یاب ہوکر جلدوطن واپس آئیں گے اور پہلے سے دگنا کام کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اور عمران خان ایک جہاز پر گئے ،یہ اتفاق ہی ہے۔ہم سیاسی لوگ ہیں،اگر کوئی ہمارا سیاسی مخالف بھی سامنے آجاتا ہے تو اس سے بھی ہاتھ ملاتے ہیں۔اگر ایک دوسرے کیخلاف بیانات دیتے ہیں،اسکا یہ مطلب نہیں کہ ہم ایک دوسرے کے جانی دشمن ہیں۔اس موقع پر سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید آرائیں،سابق ایم این اے شیخ طارق رشید،ایم پی اے حماد نوازٹیپو، امتیازگلزارچٹان ودیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں مسلم لیگ(ن)یوتھ ونگ کے رہنما زاہدعدنان گڈو اور اعجاز فخر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ورکر زکو ہمیشہ اپنے سینے سے لگایا ۔پارٹی ورکرزہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،ان کو دیوارسے نہیں لگنے دیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات