یمن میں دیرپا قیام امن کی منزل قریب آ پہنچی،اقوام متحدہ کی خوش خبری

کویت کی نگرانی میں یمن تنازع کے حل کیلئے بات چیت جاری ہے،یو این مندوب کی یمن سے متعلق رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش

ہفتہ 16 اپریل 2016 18:14

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسماعیل ولد الشیخ نے امید ظاہر کی ہے کہ یمن میں دیر پا قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور امن وامان کی منزل ماضی کی نسبت کہیں زیادہ قریب آگئی ہے۔یمن میں امن وامان کے قیام کے لیے آنے والے چند ہفتے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق یو این مندوب نے نیویارک میں ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں یمن کی موجودہ سیاسی اور انسانی صورت حال پر مبنی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور دوسرے ملکوں کی مساعی سے یمن میں عارضی جنگ بندی کے بعد پرتشدد واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یمن میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے مزید پیش رفت بھی ہوگی۔

(جاری ہے)

اسماعیل ولد الشیخ کا کہنا تھا کہ یمن میں بعض گروپوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ الجوف، تعز، مآرب اور عمران شہروں میں لڑائی کے دوران متعدد افراد مارے گئے۔ ان شہروں میں یمنی باغیوں کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری کا افسوسناک سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔انہوں نے یمن میں امن امان کے قیام اور جنگ سے متاثرہ علاقوں تک امداد کی فراہمی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یمن کی آئینی حکومت اور باغی دونوں جنگ بندی کی سعودی مساعی کی تعریف کرتے ہیں۔سلامتی کونسل میں پیش کردہ رپورٹ میں یون این مندوب کا کہنا تھا کہ کویت کی نگرانی میں یمن کے تنازع کے حل کے لیے ہونے والی بات چیت عالمی اور عاقائی تعاون کا تقاضا کرنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات میں شامل قوتوں کی جانب سے جذبہ خیرسگالی کا بھی متقاضی ہے۔

متعلقہ عنوان :