متوقع ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے نجی اداروں کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے‘ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی

ہفتہ 16 اپریل 2016 17:43

کراچی ۔ 16 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اپریل۔2016ء) متوقع ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لئے بلدیہ شرقی کی جانب سے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں میڈیکل کیمپوں کے قیام کے ساتھ نجی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے جو بلدیہ شرقی کے ساتھ مل کرضلع شرقی کی عوام کو سہولیات فراہم کر نے کے سلسلے میں فرائض سر انجام دیں گے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں جمشید زون بلدیہ شرقی کے دفتر میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کی زیر صدارت نجی اداروں کے نمائندگان کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی نے کہا کہ بلدیہ شرقی کی جانب سے گلوبل وارمنگ کے کراچی پر اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہیٹ اسٹروک سے عوام کو بچانے کے لئے قبل از وقت انتظامات کا سلسلہ جاری ہے بلدیہ شرقی کی حدود میں جگہ جگہ شجر کاری مہم کے ساتھ محکمہ میڈیکل سروسزنے ہیٹ اسٹروک کیمپس بھی قائم کر دیئے ہیں اب مزید ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے نجی اداروں کے تعاون کو بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ طبی کیمپس پر پانی، ادویات سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو وافر مقدار میں یقینی بنا کر زیادہ سے زیادہ عوام کو محفوظ بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیہ شرقی بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم سر انجام دے رہی ہے مگر مزید ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نجی ادارے بھی اس سلسلے میں اپناکردار ادا کریں تاکہ سر سبز ماحول کو فروغ دے کر ہیٹ اسٹروک کے برے اثرات کو کنٹرول کیا جاسکے۔ اس موقع پرچیف میڈیکل آفیسر بلدیہ شرقی ڈاکٹر محمد شاہد فیاض کی جانب سے نجی اداروں کو ادویات کی ضروریات کی فہرست بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر نجی اداروں نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ عوام کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ اجلاس میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد شاہد فیاض اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ عبد الغنی سمیت نجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔