وزیر اعظم ایک ہفتے میں پاکستان واپس آ جائینگے ‘ پاناما لیکس پر حکومت دباوٴ کا شکار نہیں ‘ عابد شیر علی

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی اور بجلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ایک ہفتے میں پاکستان واپس آ جائینگے ‘ پاناما لیکس پر حکومت دباوٴ کا شکار نہیں ‘ وزیراعظم کے بیٹے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا جواب دینگے ‘ 2018کے بعد بھی نواز شریف ہی وزیراعظم ہونگے ‘ عمران خان نے یتیموں اور بیواؤں کا مال کھایا ہے ‘ عمران تین ملین ڈالرز کا حساب دیں ‘ ملک عمران خان کی خواہشات پر نہیں چل سکتا۔

فیصل آباد میں فیسکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ کارکنوں سے احتجاج کوئی بھی کرا سکتا ہے ، عمران خان کے پاس ثبوت موجود نہیں تو وہ بات کیوں کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ ملک عمران خان کی خواہشات پر نہیں چل سکتا ‘ پاناما لیکس کی تحقیقات پر کمیشن تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے بنے گا ، عمران خان دو دن میانوالی کی جیل میں نہیں گزار سکے ‘ عابد شیر علی نے کہاکہ وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے بلکہ وہ 2018 کے بعد بھی وزیراعظم ہی رہیں گے۔

عابد شیر علی نے کہاکہ پاناما لیکس پر کمیشن عمران خان کی نہیں عوام کی مرضی سے بنے گا اورکچھ روز میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔پاناما لیکس کے معاملے پر ہمارے اوپر الزامات لگانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے عمران خان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ‘ پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت پر کوئی دباؤ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ ٹی وی اینکرز وزیر اعظم کی صحت سے متعلق پروگرام کررہے ہیں انہیں اتنا ہی کہوں گا کہ کسی کی صحت کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔

وزیر اعظم علاج کے بعد اگلے ہفتے واپس آجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سخت زبان اور سخت رویہ نہیں اپنانا چاہیے عمران خان نے سات سال سٹہ کھیل کر جو تین ملین کا نقصان کیا ہے اس کا جواب کون دے گا ، ہمارے کارکنان کے بھی جذبات ہیں اور ہمیں بھی احتجاج کروانا آتا ہے لیکن ہم خونریزی سے بچنا چاہتے ہیں۔کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب پورے پاکستان میں چل رہاہے اورراجن پور آپریشن جلد ہی منطقی انجام کو پہنچ جائے گا ڈاکووں کے پاس فورسز سے زیادہ جدید اسلحہ ہے۔