مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبو ں کو جاری رکھے گی ‘ وزیر دفاع

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبو ں کو جاری رکھے گی،سیالکوٹ کے شہریوں کو تمام ممکنہ بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کیلئے سیالکوٹ میں متعدد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے، وزیراعظم محمدنوازشریف بہت جلد سیالکوٹ لاہور موٹر وے کا افتتاح کریں گے، سیالکوٹ میں میڈیکل کالج کا قیام شہریوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جسکا سہراوزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے سر ہے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے سیالکوٹ میڈیکل کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کورس مکمل کرنے والے فارغ التحصیل طلباء کو مبارکباد بھی دی ،وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ضلع بھر کے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں،سیالکوٹ میں 550بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال قائم کیا جائے گا اور ہیڈ مرالہ میں انجینئرنگ کا سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا جہاں پر طلباء کو انجینئرنگ کے شعبے میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے سازو سامان کے حوالے سے سیالکو ٹ پاکستان کا ایک اہم صنعتی شہر ہے جس کی مصنوعات دنیا بھر میں مشہور ہیں ،وفاقی وزیر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں سٹرکوں کا جال بچھانے کیلئے اربوں روپے کے فنڈزمختص کیے گئے ہیں جس کیلئے 11ارب روپے کی لاگت سے سیالکوٹ میں رنگ روڈ کی تعمیر جاری ہے جبکہ سیالکوٹ وزیرآباد روڈ اور گوجرانوالہ پسرور روڈ پر بھی کام جاری ہے،انہوں نے کہا کہ بہت جلد وزیراعظم محمد نوازشریف سیالکوٹ لاہور موٹر وے کا افتتاح کریں گے ،وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قیام میں چیمبر آف کامرس نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع نے کہاکہ وزیراعظم علاج کیلئے لندن میں موجود ہیں اور علاج کے بعد ایک ڈیڑھ ماہ تک وطن واپس آجائینگے۔ وزیراعظم کا نام پانامالیکس میں نہیں ہے، ہمیں اس پر پردہ ڈالنے کی ضرورت نہیں۔خواجہ آصف نے کہاکہ پاناما پیپرز پر میڈیا کی طرح سیاسی میلا بھی لگا ہوا ہے اس معاملے پر کوئی چیز چھپانے کی نہیں ہے1993 سے لیکر اب تک بڑے احتساب سے گزر چکے ہیں اگر ہماری جماعت میں کرپشن ہوتی تو مشرف کبھی نہ چھوڑتا۔انہوں نے کہا کہ رائیونڈ کے گھیرؤ کا اعلان کرنے والوں نے پہلے دھرنے سے کیا حاصل کیا؟ پاناما پیپرز میں میاں نواز شریف کا نام نہیں لیکن وہ پھر بھی احتساب کیلئے تیار ہیں۔