متوقع ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے نجی اداروں کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) متوقع ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لئے بلدیہ شرقی کی جانب سے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں میڈیکل کیمپوں کے قیام کے ساتھ نجی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیاجا رہاہے جو بلدیہ شرقی کے ساتھ مل کرضلع شرقی کی عوام کو سہولیات فراہم کر نے کے سلسلے میں فرائض سر انجام دیں گے اس سلسلے میں جمشید زون بلدیہ شرقی کے دفتر میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ کی زیر صدارت نجی اداروں کے نمائندگان کا ایک اجلاس منعقد ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی نے کہا کہ بلدیہ شرقی کی جانب سے گلوبل وارمنگ کے کراچی پر اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہیٹ اسٹروک سے عوام کو بچانے کے لئے قبل از وقت انتظامات کاسلسلہ جاری ہے بلدیہ شرقی کی حدود میں جگہ جگہ شجر کاری مہم کے ساتھ محکمہ میڈیکل سروسزنے ہیٹ اسٹروک کیمپس بھی قائم کر دیئے ہیں اب مزیدضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے نجی اداروں کے تعاون کو بھی حاصل کیاجارہاہے تاکہ طبی کیمپس پرپانی ، ادویات سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کووافر مقدارمیں یقینی بنا کر زیادہ سے زیادہ عوام کو محفوظ بنایاجاسکے جبکہ بلدیہ شرقی بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم سر انجام دے رہی ہے مگر مزید ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے نجی ادارے بھی اس سلسلے میں اپناکردار ادا کریں تاکہ سر سبزماحول کو فروغ دے کرہیٹ اسٹروک کے بداثرات کو کنٹرول کیا جاسکے اس موقع پرچیف میڈیکل آفسیر بلدیہ شرقی ڈاکٹر محمد شاہد فیاض کی جانب سے نجی اداروں کو ادویات کی ضروریات کی فہرست بھی فراہم کی گئی، اس موقع پرنجی اداروں نے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ عوام کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے حوالے سے اپنامثبت کردار اداکریں گے اس سلسلے میں بلدیہ شرقی کو جو بھی معاونت درکار ہوگی وہ فراہم کی جائے گی اجلاس میں چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹرمحمدشاہدفیاض اورڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ عبدالغنی سمیت نجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔