ڈرائیونگ سکول کے بتیسویں بیج میں تربیت مکمل کرنیوالوں کو سرٹیفکیٹس ، انعامات،شہریوں کی سہولت کیلئے ایک اور گاڑی شامل کرنے کا حکم

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ پولیس ڈرائیونگ سکول میں تربیت حاصل کرنے میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی سٹی ٹریفک پولیس کی اچھی کارکردگی اور پولیس عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور لوگوں میں ٹریفک آگاہی کے باعث ڈرائیونگ سیکھنے میں خواتین کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

سی ٹی اونے ایس پی ہیڈ کواٹرز کو ہدایت کی ہے کہ ڈرائیونگ سکول کیلئے مزید ایک ائر کنڈیشنڈ گاڑی فراہم کریں تاکہ ڈرائیونگ سیکھنے والوں کومزید سہولت اور آسانی ہو۔ پولیس ڈرائیونگ سکول کے بتیسویں بیج کی تقریب تقسیم سرٹیفکیٹس میں سینئر اداکار فردوس جمال اٹلس ہنڈا کے نیشنل سیفٹی مینجر تسلیم شجاع،ایس پی ہیڈ کواٹرز امتیازالرحمن اور دیگر افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ڈرائیونگ سکول میں اٹلس ہنڈا کے تعاون سے 1050خواتین سمیت 2508افراد تربیت مکمل کرچکے ہیں جن میں 215ڈاکٹر،104انجینئرز،625اساتذہ ،8غیر ملکی اور 15اعلی سرکاری افسران شریک ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سیکھنے والی خواتین کے 6بیج میں 436خواتین اپنی تربیت مکمل کرچکی ہیں جبکہ وزیر اعظم روزگار سکیم میں گاڑیوں کیلئے نامزد امیدواروں کو خصوصی کلاسزکیلئے بھی سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں 26بیج مکمل ہوچکے ہیں جن میں 1074خواتین سمیت 5248امیدوارشریک ہوئے۔

چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ اور مہمانوں نے کامیاب ہونیوالے مرد و خواتین میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کئے ۔ سی ٹی او نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی پاسداری اور شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔پولیس ڈرائیونگ سکول کی بہتر کارکردگی اور عوام کی پذیرائی ٹریفک پولیس کیلئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اس کاوش نے پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔تقریب میں شریک مہمان فردوس جمال نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا یہ اقدام نہایت خوش آئند ہے کہ ڈرائیونگ سکول میں تربیت کیلئے آنے والی خواتین کو چاردیواری میں بالکل گھر جیسا ماحول میسر ہے ۔

متعلقہ عنوان :