70مرتبہ تھیلسیمیا کے بچوں کیلئے اپنے خون کا عطیہ دینے والے فرمان علی کی 42ویں سالگرہ منائی گئی

ہفتہ 16 اپریل 2016 16:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) تھیلسیمیا کے بچوں کے لیے 70مرتبہ اپنے خون کا عطیہ دینے والے فرمان علی نے اپنی سالگرہ کے موقع پراس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک میں عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔اس بات کا اعلان انہوں نے عمیر ثنا ڈے کیئر سینٹر میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے ہمراہ اپنی42ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے جوائنٹ سیکریٹری عبید ہاشمی،صحافی حفیظ خٹک،ڈاکٹر سید راحت حسین،ڈاکٹر ذیشان حسین انصاری،امتیاز ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔سالگرہ کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبید ہاشمی نے کہا کہ فرمان علی ہمارے معاشرے کی وہ قابل قدر شخصیت ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے،انہوں نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ دے کر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جو نوجوانوں کے لیے قابل فخر اور قابلِ تقلید ہے،انہوں نے کہا کہ عمیر ثنا فاؤنڈیشن ایسے افراد کی دل سے قدر کرتی ہے،اگر فرمان علی کا جذبہ ہمارے قوم کے نوجوانوں کے اندر بھی آجائے تو پاکستان میں عطیہ خون کی شرح میں سو فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

فرمان علی نے کہا کہ میں گزشتہ20سال سے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ دے رہا ہوں ،1996 میں جب پہلی بار میں نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کا عطیہ دیا تھا اورمجھے یہ بتایا گیا تھا کہ ایک بوتل خون سے تین جانیں بچائی جاتی ہیں تب سے اب تک میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے 70 مرتبہ اپنے خون کا عطیہ دے چکا ہوں۔آج میری 42ویں سالگرہ ہے جو میں نے عمیر ثنافاؤنڈیشن کے ڈے کیئر سینٹر میں آکر تھیلے سیمیا کے بچوں کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا۔ اگر ہر نوجوان سال میں ایک مرتبہ اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک بوتل خون دے توپاکستان میں تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے ایک کروڑ خون کی بوتل جمع ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :