نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں میں پیرو فورس نے 15دنوں کے دوران 130ملزمان کوگرفتار کیا‘ ایس پی مجاہد

ہفتہ 16 اپریل 2016 15:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء )ایس پی مجاہدسید کرار حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت جاری کاروائیوں کے دوران پیرو فورس نے گزشتہ15دنوں کے دوران شہر میں ہونے والی ڈکیتی ، راہزنی ، چوری،منشیات فرورشی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث130ملزمان کوگرفتار کیاہے۔ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر منشیات، مال مسروقہ،نقدی اوربھاری مقدار میں ناجائز آتشیں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کے احکامات کے تحت تمام ڈویژنوں میں پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سر گرم عمل ہیں۔ایس پی مجاہد کرار حسین کی تشکیل کردہ پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کے دوران ڈکیتی اور راہزنی میں ملوث04گینگز کے16ملزمان، منشیات کے29، 43اشتہاری اور عدالتی مفرور، ناجائز اسلحہ کے 12ملزمان سمیت دیگر جرائم میں ملوث 130ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 106بوتل ولائتی، 65 لیٹردیسی شراب،25ہزار نقدی،02کلوسے زائد چرس مال مسروقہ اور 10پسٹل،02رائفلیں برآمد کر کے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایس پی مجاہد نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف شہر بھر میں پیرو فورس کی ٹیمیں دن رات سر گرم عمل ہیں اور شہریوں کے ساتھ ہونے والی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی ناصرف روک تھام بلکہ شہریوں سے لوٹے ہوئے مال کی برآمدگی پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے۔ ایس پی مجاہد سید کرار حسین نے کہا ہے کہ پولیس آپ کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہے اور میرے دروازے ہر اس شہری کے لئے کھلے ہیں جس کو مجاہد سکواڈ یا پولیس ایمر جنسی 15 کے متعلق کسی بھی قسم کی کوئی شکایت ہو ۔

ایس پی مجاہدسید کرار حسین نے مزید کہا کہ میری شہریوں سے اپیل ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اورجب بھی اپنے اردگرد جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی سرگرمیاں دیکھیں توفوراً ریسکیو15 پر اطلاع دیں تاکہ پولیس آپ کی مدد کے لئے پہنچ سکے۔