اسرائیل دہشت گردی کی آڑ میں فلسطینی قائدین کو قتل کرنا چاہتا ہے، الشیخ رائد صلاح

ہفتہ 16 اپریل 2016 14:43

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) مقبوضہ فلسطین میں اسلامی تحریک کے سربراہ ،بزرگ فلسطینی رہنما الشیخ راید صلاح نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل اپنے نام نہاد سیکیورٹی اداروں کی مدد سے دہشت گردی کی آڑ میں فلسطینی رہنماوٴں کو قتل کرنا چاہتا ہے۔شمال فلسطین میں یافا کے مقام پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ راید صلاح نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں سرگرم سماجی اور سیاسی رہنماء اسرائیل کے گلے میں کانٹے کی طرح کھٹکتے ہیں اور صہیونی ریاست دہشت گردی کی آڑ میں فلسطینی رہنماوٴں کو کچلنے کی سازش کررہا ہے۔

الشیخ راید صلاح نے کہا کہ اسرائیلی سیکیورٹی ادارے پاگل گائے کی طرح جنون کا شکار ہیں۔ مقبوضہ فلسطین میں مقامی فلسطینی آباد کے حقوق کیلئے آواز بلند کرنیوالے ہر فلسطینی کو نہ صرف شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلکہ ہر فلسطینی سرکردہ رہ نما کو کچلنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے فلسطینی رہنماوٴں کے حوالے سے اختیار کردہ پالیسی نہایت خطرناک اور خوفناک ہے۔

اسرائیل اپنے ریاستی جبر کے ذریعے فلسطینیوں کی طاقت کچلنا چاہتا ہے مگر صہیونی دشمن کواس سازش میں کامیابی نہیں مل سکتی۔الشیخ راید صلاح نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کے دفاع کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں اور اپنا زیادہ سے زیادہ وقت قبلہ اول کو دیں تاکہ مسجد اقصیٰ کو درپیش خطرات کا تدارک کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :