وزیراعظم کی طبیعت بحال ہونے کے بعد لندن کے مقامی سٹور سے شاپنگ ‘ سیلز مین نے تصویر سوشل میڈیا پر ڈال دی

پاکستان کے ”صدر“ سے ملا ،طالبعلم، جس سے ملے وہ صدر نہیں پاکستانی وزیراعظم ہے،دوستوں کی تصیح

ہفتہ 16 اپریل 2016 13:47

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے طبیعت بحال ہونے کے بعد لندن کے مقامی سٹور سے شاپنگ کی‘ سٹور کے سیلز مین نے وزیراعظم کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر ڈال دی اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج میں پاکستان کے ”صدر“ سے ملا تاہم سیلز مین کے دوستوں نے تصحیح کروا دی کہ جس سے ملے وہ صدر نہیں پاکستان کا وزیراعظم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف جو علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں نے گزشتہ روز لندن کے سکیبل نامی سٹور سے شاپنگ کی۔

(جاری ہے)

سٹور کے سیلز مین برطانوی طالب علم نے انسٹا گرام پر وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ اپنی تصویر شیئر کردی۔ برطانوی طالب علم بیس سالہ سینڈر ہینز نے تصویر کے ساتھ اپنے پیغام میں کہا کہ میں آج پاکستان کے ”صدر“ سے ملا ہوں تاہم بعد ازاں اس کے دوستوں نے تصحیح کرائی اور بتایا کہ جس سے تم ملے وہ پاکستان کا صدر نہیں وزیراعظم ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے طبی معائنے کے لئے لندن میں موجود ہیں۔ وزیراعظم نے جمعہ کو اپنا ابتدائی طبی معائنہ کرایا تھا جس کے بعد ڈاکٹروں نے آرام کرنے اور پیر کو دوبارہ طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔