پوپ فرانسس یونان میں تارکین وطن سے ملنے جائیں گے

ہفتہ 16 اپریل 2016 13:42

روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس یونانی جزیرے لیسبوس میں مقیم تارکین وطن کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جائیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوپ فرانسس یونانی جزیرے پر قائم تارکین وطن کے اس مرکز میں جائیں گے جہاں 3000 کے قریب افراد پناہ حاصل کرنے یا ترکی واپس بھیجے جانے کا انتظار کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ لیسبوس تارکین وطن کی جانب سے یورپ میں داخلے کا اہم راستہ رہا ہے اور گذشتہ سال یورپ داخل ہونے والے دس لاکھ سے زائد افراد اسی راستے سے آئے تھے۔

(جاری ہے)

گذشتہ ماہ تارکین وطن کے حوالے سے یورپی یونین اور ترکی کے درمیان معاہدے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افراد یہاں پھنس گئے ہیں۔ویٹیکن کا کہنا ہے کہ ان کا یہ دورہ انسانی ہمدردی اور مذہبی نوعیت کا ہے اور اس کو ملک بدری پر تنقید کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے۔

پوپ کی آمد سے قبل موریا کیمپ میں ایک شامی شخص نے خودکشی کی کوشش کی جب اس کو بتایا گیا کہ اسے ترکی واپس بھیجا جاسکتا ہے۔اس کے بعد تارکین وطن نے احتجاج کیا اور یورپ میں قیام اور بہتر سلوک کا مطالبہ کیا۔ویٹیکن کی جانب سے اس مختصر دورے کا مقصد مشکل حالات میں توجہ مبذول کروانا ہے۔

متعلقہ عنوان :