امریکی صدر شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے

ہفتہ 16 اپریل 2016 12:21

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اپریل۔2016ء) امریکی صدر براک اوباما آیندہ ہفتے اپنے ایک ہفتے کے طویل غیرملکی دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔وہ سعودی عرب ،برطانیہ اور جرمنی جائیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر سعودی دارالحکومت الریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کریں گے اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر وزیر دفاع آشٹن کارٹر بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔اس اجلاس میں داعش مخالف جنگ میں مشترکہ کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال واشنگٹن میں صدر اوباما نے خلیجی عرب لیڈروں کے ایک ایسے ہی اجلاس کی میزبانی کی تھی۔وہ برطانیہ میں ملکہ الزبتھ دوم کے ساتھ ونڈ سر کیسل میں ظہرانے میں شرکت کریں گے۔برطانوی ملکہ اس وقت اپنے 90 ویں سالگرہ منا رہی ہوں گی۔

امریکی صدر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے بھی ملاقات کریں گے۔وہ اپنے غیرملکی دورے کے آخری مرحلے میں جرمنی جائیں گے جہاں وہ جرمن چانسلر اینجیلا میرکل سے دوطرفہ تعلقات اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کریں گے۔وہ ان کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے صنعتی ٹیکنالوجی تجارتی میلے ہانوور میس کا بھی افتتاح کریں گے۔

متعلقہ عنوان :