پانامہ کے صدر کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ‘ تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے‘ سیاست مہذب لوگوں کاکام ہے‘ جارحانہ سیاست کرنی ہے توپھرسلطان راہی بن جائیں‘نواز شریف کی عیادت کا فیصلہ آصف علی زرداری خود کرینگے

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کی لندن روانگی سے قبل یہاں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 16 اپریل 2016 11:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 اپریل۔2016ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ پانامہ کے صدر کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کو خط لکھ دیا ہے‘ تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے‘ سیاست مہذب لوگوں کاکام ہے‘ جارحانہ سیاست کرنی ہے توپھرسلطان راہی بن جائیں‘نواز شریف کی عیادت کا فیصلہ آصف علی زرداری خود کرینگے۔

وہ ہفتہ کو لندن روانگی سے قبل یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ رحمن ملک نے کہا کہ پانامہ لیکس کامعاملہ ٹھنڈانہیں ہوگا چلتارہے گا ڈر ہے کہ پاناما لیکس کہیں ڈیموکریسی لیکس نہ بن جائے۔ پانامہ لیکس پرانٹرپول کوتحقیقات کرنی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں اس معاملے کو ٹھنڈا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

پانامہ لیکس صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے پانامہ لیکس پر سب سے پہلے پانامہ کے صدر کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے‘ پانامہ کے صدر کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کسی سے ہاتھ ملانے کا مطلب ملاقات نہیں ہوتا۔ پیپلز پارٹی متحد ہے اور اس میں کوئی اختلافات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی ہدایت پرلندن جارہاہوں کوئی چھپا پلان نہیں ہے ۔ نہیں جانتا کہ سابق صدر نے کیوں بلایا ہے۔ رحمن ملک نے کہا کہ بلاول بھٹوواضح کرچکے ہیں کہ زرداری نوازشریف سے ملاقات نہیں کرینگے۔ تاہم وزیراعظم کی عیادت کا فیصلہ خود آصف زرداری کریں گے آصف زرداری بیماری کے باعث لندن میں ہیں ان کی وطن واپسی آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں وہ جب چاہیں ملک میں آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پانامہ لیکس کے معاملے پر دھرنے اورتوڑپھوڑکاحصہ نہیں بنے گی۔تحریک انصاف کے رائے ونڈ مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست مہذب لوگوں کاکام ہے‘ جارحانہ سیاست کرنی ہے توپھرسلطان راہی بن جائیں۔