وزیر اعظم کا استعفی ٰ مسئلہ حل نہیں ، نیب، ایف آئی اے تحقیقات کرکے اچھی مثال قائم کریں، پیر اعجاز ہاشمی

دھرناسیاست کے عادی یادر کھیں ملک مزید کسی سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا، مرکزی صدر جے یو پی

جمعہ 15 اپریل 2016 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجازاحمد ہاشمی نے کہا ہے کہ پانامالیکس پر سیاست کرنے والے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔وزیر اعظم کا استعفی ٰ مسئلہ حل نہیں ،ملک مزید کسی نئے سیاسی بحران کو متحمل نہیں ہوسکتا۔حکومت کو وضاحت کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔ نیب اور ایف آئی اے قومی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تحقیقات کریں اورحکمران جماعت کے تحفظ کی بجائے ،ریاستی ادارے کے طور پر اپنے اوپر حکومتی طرفداری اور اپوزیشن کو رگڑا لگانے کی روش ترک کرکے اچھی مثال بھی قائم کرنی چاہیئے ۔

دھرنا دینے کے عادی سیاستدانوں کو سوچنا چاہیے کہ اس سے سیاسی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کی کنٹینر سیاست لوگوں کو یاد ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پیر اعجازہاشمی نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے ذریعے متعدد ممالک کے وزرائے اعظم استعفے دے چکے ہیں ، جبکہ کئی ممالک میں عوامی احتجاج جاری ہے۔ روسی صدر پیوٹن کا بیان سمجھنے کی ضرورت ہے ، جس میں انہوں نے پانا لیکس کے پیچھے امریکی سازش کا ذکر کیا ہے۔

ہم بھی یہی کہ رہے ہیں کہ یہ امریکی سازش ہے۔ سوائے امریکہ کے پوری دنیا میں سیاسی بحران پیدا کردیا گیا ہے۔ اس لئے صبر وتحمل اور عقلمندی ہی سیاسی قیادت کا امتحان ہے۔ اس کے لئے کوئی فیصلہ عجلت میں نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں مہذب اور سنجید ہ قوم کے طور پر رد عمل ظاہر کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو اپنی وضاحت کرتے ہوئے گناہوں سے توبہ کرنی چاہیے اور پھر عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ ٹیکس چوروں کا 2018ء کے انتخابات میں کیا حشر کرتے ہیں۔کیونکہ حکومتوں کے تبدیل ہونے اور احتجاج سے قومی نقصان ہوگا۔ جمہوری نظام کو چلنا چاہیے، یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور قومی اتحاد کے لئے ضروری ہے۔ ملک کسی نئے سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :