ماڈل ٹاؤن جمخانہ اور علی گڑھ کرکٹ کلب کے درمیان فائنل میچ آج کھیلا جائے گا

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد یوسف مہمانِ خصوصی ہونگے جوکھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے

جمعہ 15 اپریل 2016 22:38

ماڈل ٹاؤن جمخانہ اور علی گڑھ کرکٹ کلب کے درمیان فائنل میچ آج کھیلا جائے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 اپریل۔2016ء) عامر کیبلز کے زیر اہتمام پہلی عامر کیبلز کلب کرکٹ لیگ چیمپئن شپ کا فائنل میچ ماڈل ٹاؤن جمخانہ اور علی گڑھ کرکٹ کلب کے درمیان 16 اپریل بروز بدھ کو شاہ فیصل کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں میں انٹرنیشنل ، نیشنل کرکٹر کی شرکت متوقع ہے۔ میچ کا آغاز صبح 10 بجے جبکہ تقریب انعامات 5بجے شام ادا کی جائے گی۔

یہ بات چیف آرگنائزر ٹورنامنٹ سی ای او عامر کیبلز عامر الیاس بٹ نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں 3 زونوں کی 170 سے زائد کلبوں کو جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کئے گئے تاکہ کلب کرکٹ کو فروغ حاصل ہوسکے اور کھلاڑی اپنے کھیل میں بہتری لاتے ہوئے لاہور کرکٹ کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی سب سے بڑی لیگ تھی جسے کھیلوں کے حلقوں میں خوب سراہا گیا۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ماڈل ٹاؤن جمخانہ کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ کلب کرکٹ کی ترقی کے بغیر ہم ترقی نہیں کرسکتے۔ کلبوں کی طرف زیادہ تر توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ اب کلبیں ہی کھلاڑی پیدا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلبوں کا اتنا بڑا ٹورنامنٹ آرگنائز کرنا اتنی آسان بات نہیں ہوتی۔ مگر عامر الیاس بٹ نے یہ کارنامہ سرانجام دے کر کھلاڑیوں اور آرگنائزروں کے دل جیت لئے ہیں۔

انہیں جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ ہماری دعا ہے کہ عامر الیاس بٹ اسی طرح اس کھیل اور کھلاڑیوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ عامر الیاس بٹ نے کہا کہ ہم بغیر کسی سیاست اور لالچ کے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کیلئے قومی فریضہ سمجھ کر کھلاڑیوں کی خدمت کر رہے ہیں تاکہ کھلاڑی مستقبل میں لاہور اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فائنل کے موقع پر سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد یوسف مہمانِ خصوصی ہونگے جو کہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

اس موقع پر کامران اکمل، عمر اکمل، صدر ایل آر سی اے خواجہ ندیم احمد، چیف ایگزیکٹو پاکستان ویٹرن کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی تینوں زونوں کے نمائندوں کے علاوہ انٹرنیشنل ، نیشنل کرکٹر اور کرکٹ آرگنائزر کی آمد بڑی تعداد میں متوقع ہے۔ قیصر وحید، احمد شہاب امپائر، پروفیسر ناصر حسین ٹی وی امپائر ، خالد نیازی میچ ریفری ولید یعقوب ٹورنامنٹ کوآرڈینیٹر جبکہ ساجد عثمان سکورر کے فرائض انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :