کچہ کے علاقہ میں چھوٹو گینگ کے خلاف جاری آپریشن ضرب آہن میں پاک فوج اور رینجرز نے علاقہ کا کنٹرول سنبھال لیا

ایک ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان اور پانچ سو کے قریب چولستان رینجرز کے جوانوں نے فیصلہ کن کارروائی کیلئے مورچہ بندی کرلی، گن شپ ہیلی کاپٹر فیصلہ کن کار روائی کیلئے تیار، علاقہ کو سیل کردیاگیا

جمعہ 15 اپریل 2016 22:19

رحیم یار خان ۔ 15 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 اپریل۔2016ء) کچہ کے علاقہ میں چھوٹو گینگ کے خلاف جاری آپریشن ضرب آہن میں پاک فوج اور رینجرز نے علاقہ کا کنٹرول سنبھال لیا ایک ہزار سے زائد پاک فوج کے جوان اور پانچ سو کے قریب چولستان رینجرز کے جوانوں نے فیصلہ کن کارروائی کیلئے مورچہ بندی کرلی گن شپ ہیلی کاپٹر فیصلہ کن کار روائی کیلئے تیار فوج اور رینجرز نے علاقہ کو سیل کردیا ،ذرائع کے مطابق کچہ کے علاقہ میں چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس کی جانب سے کیے جانے والے آپریشن میں پولیس اہلکار وں کی شہادت اور یر غمال بنائے جانے پر حکومت پنجاب کی جانب سے کچہ میں چھوٹو گینگ کے خلاف پاک فوج کو آپریشن کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس پر پاک فوج نے کچہ میں جاری چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن کیلئے کنٹرول سنبھال کر ایک ہزار سے زائد جوانوں اور پانچ سو کے قریب رینجرز کے جوانوں کو فیصلہ کن کارروائی کیلئے کچہ کے علاقہ میں منتقل کردیا ہے پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سپیشل کمانڈوز کو بھی کچہ کے علاقہ میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ رینجرز کے جوانوں نے جزیزہ نما کچہ جمال کے اطراف میں بورڈ ز کے ذریعے گشت کرنا شروع کردیا ہے ذرائع کے مطابق آپریشن کی کمان کرنے والے پاک فوج کے کمانڈر کی جانب سے چھوٹو کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو غیر مشروط طور پر رہا کردے ذرائع کے مطابق پاک فوج اور رینجرز کی جانب سے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران فیصلہ کن کارروائی کا امکان بتایا گیا ہے جبکہ اس جاری آپریشن کی کمان جمعہ کے روز دن 2 بجے کے بعد پاک فوج نے سنبھال لی ہے ذرائع نے بتایا کہ یرغمال بنائے جانے والے پولیس اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے ذرائع نے بتایا کہ سپیشل کمانڈوز جزیزہ نما کچہ جمال میں داخل ہوسکتے ہیں جبکہ ان آپریشن زدہ علاقوں کے نزدیک آبادیوں کو بھی خالی کروانے کے بعد ان علاقوں میں پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں نے چوکیاں قائم کرکے باقاعدہ پوزیشنیں سنبھال لی ہیں جبکہ نزدیکی آبادیوں میں رہنے والے افراد کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے گزشتہ شب پاک فوج کے آپریشن میں حصہ لینے والے گن شپ ہیلی کاپٹر بھی کچہ کے علاقہ میں پہنچ گئے جن کیلئے خصوصی طور پر ہیلی پیڈ تیار کیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :