کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن کامیابی تک جاری رہیگا ،ختم ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا‘ آئی جی پنجاب

آپریشن زیادہ شدت سے آگے بڑھایا گیا ہے ،پاک فوج اور رینجرز کے جوان پوری طرح ساتھ دے رہے ہیں‘ مشتاق سکھیرا

جمعہ 15 اپریل 2016 20:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 اپریل۔2016ء ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن کامیابی تک جاری رہے گا تاہم آپریشن ختم ہونے کی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن روکا نہیں بلکہ زیادہ شدت سے آگے بڑھایا گیا ہے جس میں پاک فوج اور رینجرز کے جوان پوری طرح ساتھ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن سے قبل پورے علاقے کی ریکی کی گئی جبکہ ریکی میں پاک فوج، رینجرز اور متعلقہ پولیس حکام شامل رہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پویس جوانوں کو آپریشن میں جانے سے پہلے فوج نے تربیت دی جبکہ ایسے آپریشنز میں شہادتیں ہوتی ہیں۔ مشتاق سکھیرا نے مزید کہا کہ چھوٹو گینگ کو اب ایک جزیرے تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ آپریشن کے شروع میں چار دہشتگردوں کو مارا گیا جس کے بعد زمینی حالات تیزی سے تبدیل ہوئے اور حکمت عملی پر تنقید کرنے والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ آپریشن کے دوران فیصلہ موقع پر موجود فیلڈ کمانڈ کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :